Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بالی وُڈ کی وہ اداکارائیں جنہوں نے مقابلہ حسن جیتنے کے بعد انڈسٹری میں قدم رکھا

سشمیتا سین نے 1994 میں مس یونیورس کا تاج اپنے نام کیا تھا (فوٹو: ایے ایف پی)
انڈیا میں مقابلہ حسن صرف تاج اور تمغے جیتنے تک محدود نہیں رہے بلکہ یہ فلمی دنیا میں قدم رکھنے کا ایک شاندار ذریعہ بھی ثابت ہوا ہے۔
کئی حسیناؤں نے انہی مقابلوں سے شہرت حاصل کی اور بعد میں بالی وڈ کی بڑی بڑی اداکاراؤں میں شمار ہوئیں۔
شوبز ویب سائٹ کوئی موئی کے مطابق یہ وہ خواتین ہیں جنہوں نے اپنے حسن، اعتماد اور صلاحیت کے امتزاج سے دنیا کو متاثر کیا اور انڈین فلم انڈسٹری میں اپنا نام بنایا۔
آئیے جانتے ہیں چند ان حسیناؤں کے بارے میں جنہوں نے حسن کے مقابلوں میں کامیابی کے بعد بالی وڈ فلموں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

سشمیتا سین

سشمیتا سین وہ پہلی انڈین اداکار ہیں جنہوں نے سنہ 1994 میں مس یونیورس کا تاج اپنے سر پر سجایا۔ اس کے بعد انہوں نے سنہ 1996 میں فلم ’دستک‘ سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا۔
اس کے بعد وہ ’میں ہوں نا‘، ’بیوی نمبر ون‘، ’صرف تم‘ اور ’میں نے پیار کیوں کیا‘ جیسی فلموں سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچیں۔
بعد ازاں انہوں نے ویب سیریز ’آریا‘ کے ذریعے شاندار واپسی کی جس نے ناظرین کو ان کی اداکاری کا پھر سے قائل کر دیا۔

ایشوریہ رائے بچن 

کچھ اندازوں کے مطابق ایشوریہ رائے بچن کا شمار دنیا کی سب سے خوبصورت خواتین میں کیا جاتا ہے۔ سنہ 1994 میں انہوں نے ’مس ورلڈ‘ کا اعزاز حاصل کیا اور اس کے تین برس بعد فلم ’اور پیار ہو گیا‘ کے ذریعے بالی وڈ میں قدم رکھا۔
اس کے بعد ’ہم دل دے چکے صنم‘، ’دیو داس‘، ’محبتیں‘، ’جودھا اکبر‘، ’تعل‘ اور ’گرو‘ جیسی فلموں نے انہیں ایک ہمہ جہت اداکارہ کے طور پر منوایا۔
ان کی خوبصورتی اور وقار آج بھی مداحوں کے دلوں پر راج کرتا ہے۔

لارا دتا

لارا دتا نے سنہ 2000 میں ’مس یونیورس‘ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ اس کے تین برس بعد انہوں نے فلم ’انداز‘ سے اداکاری کے سفر کی شروعات کی۔
اس کے بعد ’نو انٹری‘، ’بھاگم بھاگ‘ اور ’ہاؤس فل‘ جیسی فلموں سے ان کی شہرت میں بے پناہ اضافہ ہوا۔ لارا دتا اپنی شائستگی اور پرکشش انداز کے باعث ہمیشہ ناظرین کی پسندیدہ رہی ہیں۔

پریانکا چوپڑا

پریانکا چوپڑا نے سنہ 2000 میں ’مس ورلڈ‘ کا اعزاز اپنے نام کیا اور سنہ 2003 میں فلم ’دی ہیرو‘ سے بالی وڈ میں قدم رکھا۔
انہوں نے بہت کم وقت میں خود کو انڈسٹری کی سب سے کامیاب اور بااثر اداکاراؤں میں شامل کر لیا۔ ’فیشن‘، ’برفی‘، ’کمینے‘، ’باجی راؤ مستانی‘، ’ڈان ٹو‘ اور ’دی سکائی از پنک‘ ان کی نمایاں فلمیں ہیں۔
پریانکا نے ہالی وڈ میں بھی زبردست کامیابی حاصل کی اور ’کوانٹیکو‘، ’بے واچ‘ اور ’ہیڈز آف سٹیٹ‘ جیسی فلموں اور ویب سیریز میں مرکزی کردار ادا کیے۔

نہا دھوپیا

نہا دھوپیا نے سنہ 2002 میں ’فیمینا مس انڈیا‘ کا تاج جیتنے کے بعد فلمی دنیا میں قدم رکھا۔ ان کی پہلی فلم ’قیامت: سٹی انڈر تھریٹ‘ 2003 میں ریلیز ہوئی۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Neha Dhupia (@nehadhupia)

اس کے بعد انہوں نے ’چھپ چھپ کے‘، ’سنگھ اِز کنگ‘، ’تمہاری سُلو‘ اور ’اے تھرسڈے‘ جیسی فلموں میں متاثر کن اداکاری کی۔ نہا دھوپیا نے ٹی وی شوز جیسے ’ایم ٹی وی روڈیز‘ کے ذریعے بھی اپنی منفرد شناخت قائم کی۔

مانوشی چلر

مانوشی چلر سنہ 2017 میں ’مس ورلڈ‘ کا خطاب جیت کر عالمی سطح پر انڈیا کی پہچان بنی۔ انہوں نے سنہ 2022 میں اکشے کمار کے ساتھ فلم ’سمراٹ پرتھوی راج‘ سے اپنے فلمی سفر کا آغاز کیا۔
’بڑے میاں چھوٹے میاں‘، ’مالک‘ اور ’تہران‘ ان کی دیگر فلموں میں شامل ہیں۔ مانوشی چلر اپنی سادگی اور وقار کے باعث مداحوں کے دلوں میں گھر کرتی جا رہی ہیں۔
یہ وہ خواتین ہیں جنہوں نے حسن کے مقابلوں سے آغاز کیا مگر اپنی محنت، لگن اور ہنر سے بالی وڈ میں ایک نئی تاریخ رقم کی۔ 

شیئر: