سٹریمنگ پلیٹ فارم ’ایچ بی او‘ پاکستان میں، ماہانہ سبسکرپشن قیمت کیا ہے؟
بدھ 15 اکتوبر 2025 18:50
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
پاکستانی صارفین 4.99 ڈالر یعنی 14 سو روپے ماہانہ میں ’ایچ بی او میکس‘ کی سروسرز سبسکرائب کر سکیں گے (فوٹو: ایچ بی او)
معروف سٹریمنگ پلیٹ فارم ’ایچ بی او میکس‘ نے اعلان کیا ہے کہ اس کی سروسز پاکستان میں باضابطہ طور پر لانچ کر دی گئی ہیں۔
’وارنر برادرز ڈسکوری‘ کی یہ سٹریمنگ سروس پاکستان سمیت 15 نئے ممالک بنگلہ دیش، کمبوڈیا، مکاؤ، سری لنکا اور یوکرین میں بیک وقت شروع کی گئی ہے۔
کمپنی کے اعلامیے کے مطابق اب پاکستانی صارفین صرف 4.99 امریکی ڈالر یعنی 14 سو روپے ماہانہ میں ’ایچ بی او میکس‘ کی سروسرز سبسکرائب کر سکیں گے۔
اس سٹریمنگ پلیٹ فارم پر ’ایچ بی او میکس اوریجنلز‘، ’ہیری پوٹر‘، ’ڈی سی یونیورس‘، ’وارنر برادرز‘ اور ’ڈسکوری‘ جیسے معروف برانڈز کا معیاری مواد ایک ہی جگہ دستیاب ہوگا۔
’ایچ بی او میکس‘ میں ابتدائی طور پر پاکستان میں ’گیم آف تھرونز‘، ’ہاؤس آف دی ڈریگن‘، ’دی لاسٹ آف آس‘، ’دی پینگوئن‘ اور ’دی پِٹ‘ جیسی تمام مقبول سیریز اور فلمیں دستیاب ہیں جنہوں نے عالمی سطح پر مقبولیت حاصل کی۔
کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ سنہ 2026 کے آغاز سے مقبول مزاحیہ سیریز ’فرینڈز‘ اور ’دی بگ بینگ تھیوری‘ بھی صارفین کے لیے دستیاب ہوں گی۔

صارفین ’ایچ بی او میکس‘ مختلف ڈیوائسز پر استعمال کرسکتے ہیں جن میں ’ایل جی‘ اور ’سام سنگ‘ کے سمارٹ ٹی وی بھی شامل ہیں۔ صارفین سفر کے دوران بھی ان ممالک میں سروس استعمال کر سکیں گے جہاں ’ایچ بی او میکس‘ دستیاب ہے۔
ہر صارف پانچ مختلف پروفائلز بنا سکتا ہے جنہیں ذاتی پسند کے مطابق ترتیب دیا جا سکتا ہے۔ سروس میں ’کنٹینیو واچنگ‘ فیچر، ذاتی نوعیت کی تجاویز اور ’آف لائن ویو‘ کے لیے ڈاؤن لوڈ کا آپشن بھی شامل ہے۔ بچوں کے لیے الگ پروفائلز اور والدین کے کنٹرول کے اختیارات بھی فراہم کیے گئے ہیں۔
ایچ بی او میکس کے مختلف پیکجز کمپنی کی ویب سائٹ اور ایپ سٹورز جیسے ایپل سٹور اور گوگل پلے سٹور پر دستیاب ہیں۔
