سعودی کابینہ کی جانب سے ریاض شہر کے لیے رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں کرایوں میں آئندہ 5 برس تک اضافہ نہ کرنے کی منظوری کے بعد رئیل اسٹیٹ جنرل اتھارٹی نے خلاف ورزیوں پر عائد کیے جانےوالے جرمانوں کی فہرست جاری کردی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق سعودی کابینہ نے ریاض شہر کی حدود میں رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں بڑھتے ہوئے کرایوں کے حوالے سے پابندی عائد کی تھی کہ 5 برس تک فلیٹوں یا تجارتی مرکز یا دکانوں کے کرایوں میں قطعی اضافہ نہ کیا جائے۔
مزید پڑھیں
جاری ہونے والے احکامات پر فوری طورپر عمل درآمد کردیا گیا تھا۔ ریاض شہر کی حدود میں کرایوں میں ہونے والے غیرمعمولی اضافے کے رجحان کو ختم کرنے اور مہنگائی کو کنٹرول کرنے کےلیے کابینہ نے حد بندی کی تھی۔
وزرا کونسل کی جانب سے قانون سازی کے تقریبا 20 دن بعد رئیل اسٹیٹ جنرل اتھارٹی نے قوانین پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے ’آراء‘ پلیٹ فارم پر خلاف ورزیوں کے حوالے سے سزاوں اور جرمانوں کی فہرست جاری کرتے ہوئے عوام سے رائے طلب کی ہے جس کا مقصد کرایہ دار اور مالکان کے حقوق کا تحفظ کرتے ہوئے ریئل اسٹیٹ سیکٹر کی حد بندی کرنا ہے۔
اتھارٹی کی جانب سے جاری کی گئی فہرست میں کہا گیا ہے کہ قانون سازی کے بعد ریاض شہر میں مالکان کی جانب سے کرایوں میں اضافہ کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے ۔ قانون ضوابط کی خلاف ورزی نئے اور پرانے رینٹ ایگریمنٹ میں شمار کی جائے گی۔

ضوابط کے مطابق کرایوں میں پہلی بار اضافہ کرنے پر 2 ماہ کے کرایے کی رقم کے مساوی جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ وہی خلاف ورزی دوسری بار دہرائے جانے کی صورت میں جرمانہ 6 ماہ کے کرایے کے مساوی ہوگا جبکہ تیسری بار خلاف ورزی ریکارڈ کیے جانے پر ایک برس کا کرایہ جرمانے کے طور پروصول کیا جائے گا۔
اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ یہ ضوابط رئیل اسٹیٹ کی ان جائیداوں پر بھی لاگو ہوں گے جہاں نئے رینٹ ایگریمنٹ میں کرایہ سابقہ کرایہ ناموں کےمقابلے میں بڑھایا گیا ہو۔
کرایہ ناموں کو ’ایجار ‘ نیٹ ورک میں رجسٹر نہ کرانا بھی قانون شکنی تصور کی جائے گی مذکورہ صورت میں پہلی بار نوٹس ارسال کرکے مہلت دی جائے گی تاہم مہلت کے دوران رجسٹر نہ کرانے پر 3 ماہ کے کرایے کے مساوی جرمانہ کیا جائے گا یہی خلاف ورزی دھرائے جانے کی صورت میں جرمانے کی رقم ڈبل ہو گی یعنی 6 ماہ کے کراے کے مساوی۔
مالک مکان کی جانب سے کرایہ نامہ کی تجدید نہ کرنا اور منظور شدہ وجوہات کے علاوہ مکان خالی کرانا بھی خلاف ورزی شمار ہو گی جس پر جرمانہ مقرر کیا جائے گا۔