سعودی وزیر اسلامی امور شیخ عبداللطیف آل الشیخ نے ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے رئیل سٹیٹ سیکٹر کو منظم اور کرایوں کو متوازن رکھنے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ مملکت کی تمام مساجد میں آئندہ جمعے کے خطبے میں لالچ اور کرایوں میں غیرمعمولی اضافہ کرنے کے خطرات پر دیا جائے۔
مزید پڑھیں
عاجل نیوز کے مطابق وزیر اسلامی امور نے تمام مساجد کے خطبا کو ہدایت کی کہ ’وہ خطبہ جمعہ میں مکانات اور فلیٹوں کے مالکان کو یہ بات باور کرائیں کہ کرایوں میں غیرمعمولی اضافہ سے کرایہ داروں پر اضافہ بوجھ نہ ڈالیں جس کی وجہ سے نہ صرف انہیں بلکہ پورا خاندان مشکل میں پڑ جاتا ہے۔
وزیر اسلامی امور نے خطبا مساجد کو کہا ہے کہ’ وہ خطبے میں ولی عہد کی جانب سے جاری ہونے والی ہدایات کا ذکر کریں جس میں رئیل سٹیٹ کے شعبے میں توازن برقرار رکھنے پرزور دیا ہے۔‘
’جس کا مقصد شہریوں اور مملکت میں مقیم غیرملکیوں کے لیے رہائش حاصل کرنے میں دشواری کا سامنا نہ ہو اور وہ نفسیاتی الجھنوں کا شکار نہ ہوں۔
یاد رہے سعودی عرب نے دارالحکومت ریاض میں رینٹل پرائس کو مستحکم کرنے کے لیے نئے ضوابط متعارف کرائے ہیں۔
سعودی ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایت پرعمل کرتے ہوئے ریاض شہر کے لیے رہائشی اور کمرشل پراپرٹیز کے کرایوں میں سالانہ اضافہ پانچ برس کے لیے روک دیا گیا ہے۔