کھل نائیک کے لیے سنجے دت ہی کیوں؟ سبھاش گھئی نے وجہ بتا دی
کھل نائیک کے لیے سنجے دت ہی کیوں؟ سبھاش گھئی نے وجہ بتا دی
پیر 20 اکتوبر 2025 11:58
سبھاش گھئی کا کہنا ہے کہ یہ کردار سنجے دت کو ان کی آنکھوں کی وجہ سے دیا (فوٹو: کوئی موئی)
بالی وڈ کی مشہور زمانہ فلم ’کھل نائیک‘ کو اگرچہ 32 سال سے زیادہ بیت چکے ہیں مگر شائقین آج بھی اس کو یاد رکھے ہوئے ہیں جبکہ اس کو ’کَلٹ مووی‘ بھی قرار دیا جاتا ہے۔
شوبز ویب سائٹ کوئی موئی کے مطابق گانوں سے لے کر ڈائیلاگز، منظر نگاری، ایکٹنگ اور ایکشن سمیت اس فل کی ہر چیز سپرہٹ رہی۔
اس کردار کو سنجے دت کے یادگار ترین کرداروں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔
اس کردار کی مناسبت سے کافی اداکار اس وقت انڈسٹری میں موجود تھے تاہم سنجے دت کو ہی اس میں کیوں کاسٹ کیا گیا؟
یہ سوال کچھ لوگوں کے ذہن میں ہو سکتا ہے اور جب یہ گھومتا ہوا ایک صحافی کے توسط سے ڈائریکٹر سبھاش گئی کے سامنے پہنچا تو اس نے اس کی وجہ بتا دی۔
اس میں ہیروئن کا کردار مادھوری ڈکشٹ نے ادا کیا تھا جبکہ باقی کاسٹ میں انوپم کھیر، راکھی ساونت اور جیکی شروف نے بھی کردار نبھائے تھے۔
اس نے آتے ہی دھوم مچا دی تھی اور بہت سے ایوارڈ بھی اپنے نام کیے۔
کچھ عرصہ قبل سبھاش گھئی سے سنجے دت کے کردار کے لیے انتخاب کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ یہ کردار بنا ہی ان کے لیے تھا، کئی اداکار اس کردار کو نبھانا چاہتے تھے مگر میں ان کو ٹرخاتا رہا۔
سبھاش گھئی کا کہنا تھا کہ باقی لوگ تو اپنی جگہ خود سنجے دت بھی یہ سوال پوچھتے رہے ہیں کہ انہیں ہی کیوں اس کردار کے لیے چنا گیا۔
1993 میں ریلیز ہونے والی فلم میں ہیروئن کا کردار مادھوی ڈکشٹ نے ادا کیا تھا (فوٹو: شوبز تماشا)
ان کے مطابق ’میں نے سنجے کو بتایا کہ اس انتخاب کی وجہ ان کی آنکھیں تھیں۔‘
’اس کی آنکھوں میں ایک بھولپن اور بچپنہ تھا اور اگلے لمحوں میں اس نے ایسا شخص بننا تھا جو غصے سے بھرا ہوا تھا وہ ایک بیٹا بھی تھا ایک ولن بھی۔‘
ویب سائٹ نے مڈ ڈے میگزین کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ کھل نائیک کا سیکوئل آنے کا بھی امکان ہے اور اس ضمن میں منصوبہ بندی ہو رہی ہے اس کے لیے ایک اعلیٰ پروڈکشن ہاؤس کے رائٹس حاصل کر لیے ہیں اور اس میں بھی سنجے دت نظر آئیں گے۔
رپورٹ کے مطابق اس فلم میں سنجے دت کو عمر قید بھگتنے کے بعد جیل سے باہر آتا دکھایا جائے گا، اس کی کہانی ان کے ساتھ دو نئے کرداروں کے ساتھ آگے بڑھے گی۔
اب کے بننے والی فلم ہندی کے علاوہ دیگر زبانوں میں بھی ہو گی اور اس میں بلو بلرام جیسے دیگر لوگوں کی کہانیاں شامل ہوں گی جو حالات کے جبر کا شکار ہو جاتے ہیں۔