مغربی کنارے کے انضمام پر اسرائیلی ووٹ تضحیک آمیز قدم، ٹرمپ اس کی مخالفت کرتے ہیں: امریکی نائب صدر
جمعرات 23 اکتوبر 2025 18:04
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے جمعرات کے روز کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ مقبوضہ مغربی کنارے کے اسرائیلی انضمام کی مخالفت کرتے ہیں اور ایسا نہیں ہونے دیں گے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق جے ڈی وینس نے اسرائیلی قانون سازوں کے اس اقدام کو ’احمقانہ سیاسی تماشہ‘ قرار دے دیا۔
بدھ کے روز اسرائیلی پارلیمان نے ایک ابتدائی ووٹ میں ایسے بل کی منظوری دی جو ویسٹ بینک پر اسرائیلی قانون لاگو کرنے سے متعلق ہے۔
یہ اقدام دراصل اس علاقے کے انضمام کے مترادف ہے، جسے فلسطینی اپنے مستقبل کی آزاد ریاست کا حصہ سمجھتے ہیں۔
جب رپورٹرز نے وینس سے اس ووٹ کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے کہا کہ ’اگر یہ ایک سیاسی تماشہ تھا، تو یہ بہت ہی بیوقوفانہ عمل ہے، اور مجھے ذاتی طور پر اس پر ناگواری ہے۔‘
نائب صدر وینس کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے خبردار کیا کہ ویسٹ بینک کے انضمام کی جانب کوئی بھی قدم صدر ٹرمپ کے غزہ جنگ کے خاتمے کے منصوبے کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔
جے ڈی وینس نے دو روزہ اسرائیلی دورے کے اختتام پر کہا کہ ’ویسٹ بینک کو اسرائیل میں شامل نہیں کیا جائے گا۔ صدر ٹرمپ کی پالیسی بالکل واضح ہے، ویسٹ بینک کا انضمام نہیں ہوگا، اور یہ ہمیشہ ہماری پالیسی رہے گی۔‘
