Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غزہ میں اسرائیلی فوج کی بس پر فائرنگ سے 9 فلسطینی ہلاک: محکمہ شہری دفاع

غزہ کی شہری دفاع ایجنسی نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج کی بس پر فائرنگ میں 9 افراد مارے گئے ہیں جبکہ اسرائیلی فوج نے بیان میں کہا کہ بس پر اُس وقت فائرنگ کی گئی جب اُس نے ’پیلی لکیر‘ عبور کی۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جعمے کو غزہ میں حماس انتظامیہ کے ماتحت شہری دفاع کی ایجنسی کے ترجمان محمود باسل نے بتایا کہ ’اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے فائرنگ کے بعد سول ڈیفنس کے عملے نے نو لاشوں کو نکالا۔ یہ بس بے گھر افراد کو مشرقی میں مضافات علاقے زیتون سے لا رہی تھی۔‘ 
اسرائیل اور حماس کی جنگ بندی کے دوسرے ہفتے میں داخل ہونے کے بعد اقوام متحدہ کے ریلیف کوآرڈینیٹر نے شہر کا دورہ کیا ہے۔
اقوام متحدہ کی امدادی ٹیم کے سربراہ نے سنیچر کو تباہ شدہ غزہ کی پٹی میں بنیادی ضروریات کی بحالی کے کام کا جائزہ لیا۔
اقوام متحدہ کی سفید جیپوں کے ایک مختصر قافلے میں امدادی رابطہ کار ٹام فلیچر اور ان کی ٹیم غزہ شہر کے شمال میں شیخ رضوان میں پانی کو صاف کرنے والے پلانٹ کا معائنہ کرنے کے لیے ٹوٹے پھوٹے راستوں سے گزری جس کے دونوں طرف گھر ملبے کا ڈھیر بنے نظر آ رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ’میں یہاں سے سات، آٹھ ماہ پہلے گزرا تھا جب ان میں سے زیادہ تر عمارتیں ابھی تک کھڑی تھیں اور اب اس تباہی کو دیکھ رہا ہوں، یہ شہر کا ایک وسیع حصہ ہے جو بری طرح ملبے سے بھری زمین ہے، اور یہ دیکھنا نہایت افسوس ناک ہے۔‘
گزشتہ دو برس کے اسرائیلی حملوں اور بمباری سے غزہ کی پٹی کا بڑا حصہ بری طرح تباہ ہو چکا ہے۔
عالمی امدادی اداروں کے مطابق بنیادی ڈھانچے کی بحالی کے لیے اربوں ڈالر کی رقم درکار ہوگی۔

 

شیئر: