Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیلڈ مارشل عاصم منیر کی اردن کے فوجی سربراہ سے ملاقات، دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شاہ عبداللہ کی قیادت میں اردن کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور کارکردگی کو سراہا (فوٹو: پیٹرا)
پاکستان آرمی کے چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اردن کے شاہ عبداللہ دوم اور جوائنٹ چیف آف سٹاف میجر جنرل یوسف ہونیتی سے فوجی تعاون کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔
عرب نیوز نے پیٹرا نیوز ایجنسی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ اتوار کو عمان میں ہونے والی ملاقاتوں میں پاکستان اور اردن کے درمیان تعاون کو بڑھانے خصوصاً دفاع اور خطے میں ہونے والی پیشرفت کے حوالے سے بھی بات کی گئی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر اور جوائنٹ چیف آف سٹاف میجر جنرل یوسف ہونیتی کے درمیان ایک الگ ملاقات بھی ہوئی جس میں دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان مشترکہ تعاون کے لیے نئی راہیں تلاش کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر تربیتی، آپریشنل اور لاجسٹک پروگراموں کے بارے میں مشاورت ہوئی جس کا مقصد فوجی تعاون کو بڑھانا ہے خصوصاً دفاعی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے مشقوں اور تربیتی کورسز کے معاملات بھی زیر بحث آئے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شاہ عبداللہ کی قیادت میں اردن کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور کارکردگی کو سراہا اور ان کے سلامتی و استحکام کے لیے لیے کردار کی بھی تعریف کی۔
اس ملاقات میں عمان میں پاکستان کے سفیر اور دفاعی اتاشی کے علاوہ اردن کی مسلح افواج کے سینیئر افسران بھی شریک ہوئے۔

شیئر: