دنیا کی سب سے مہنگی کافی ایک ہزار ڈالر فی کپ دبئی میں فروخت کے لیے پیش
دنیا کی سب سے مہنگی کافی ایک ہزار ڈالر فی کپ دبئی میں فروخت کے لیے پیش
جمعہ 31 اکتوبر 2025 21:33
گزشتہ ماہ دبئی نے دنیا کے سب سے مہنگے کافی کپ کا گنیز ریکارڈ قائم کیا تھا، جب روَسٹرز نے 2,500 درہم میں ایک کپ پیش کیا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
تقریباً ایک ہزار ڈالر فی کپ کی قیمت پر، دبئی کے ایک کیفے نے دنیا کی سب سے مہنگی کافی پیش کی ہے جو پاناما کے پریمیم قیمت پر فروخت ہونے والے بیگز سے تیار کی جاتی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مالی طور پر خوشحال دبئی اپنے شاندار اور پرتعیش منصوبوں کے لیے مشہور ہے، جن میں ایک وسیع و عریض مال شامل ہے جس میں انڈور سکی ایریا بھی موجود ہے، دنیا کی بلند ترین عمارت اور ایک مصنوعی جزیرہ جس پر پانچ ستارہ ہوٹل قائم ہیں۔
جولِتھ کیفے کے شریک بانی سرکان ساگسوز نے بتایا، جو اس مہنگی کافی کی پیشکش کر رہا ہے، کہ ’ہمیں محسوس ہوا کہ دبئی ہماری سرمایہ کاری کے لیے بہترین جگہ ہے۔‘
ساگسوز نے اے ایف پی کو بتایا کی ہفتے سے شروع ہونے والے جولِتھ کیفے میں تقریبا ’400 کپ‘ کافی پیش کرنے کا منصوبہ ہے۔
3,600 درہم کی قیمت میں یہ کافی پھولوں اور پھلوں کے ذائقوں کا ایک منفرد امتزاج ہے جو چائے کی یاد دلاتی ہے۔
ساگسوز نے بتایا کہ کافی میں سفید پھولوں جیسی خوشبو، جیسے چنبیلی اور ترش ذائقے جیسے نارنجی اور برگاموٹ کے ساتھ ساتھ خوبانی اور آڑو کا ہلکا سا لمس بھی شامل ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ’یہ شہد کی طرح نرم اور میٹھی ہے۔‘
گزشتہ ماہ دبئی نے دنیا کے سب سے مہنگے کافی کپ کا گنیز ریکارڈ قائم کیا تھا، جب روَسٹرز نے 2,500 درہم میں ایک کپ پیش کیا تھا۔
نئے ریکارڈ نے کچھ لوگوں کو حیران کر دیا، تاہم مقامی باشندوں نے کہا کہ یہ دبئی جیسے پرتعیش طرزِ زندگی والے شہر کے لیے کوئی غیر معمولی بات نہیں۔
کیفے کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے کافی کے لیے اب تک کی سب سے زیادہ قیمت ادا کی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
دبئی کے رہائشی انیس نے بتایا ’یہ بہت حیران کن ہے، لیکن یہ دبئی ہے۔‘
ایک اور رہائشی مائے وا کے مطابق ’امیر لوگوں کے لیے یہ بس ایک اور تجربہ ہے جس پر وہ فخر کر سکیں گے۔‘
جولِتھ کیفے نے پاناما میں ایک نیلامی کے دوران ان بیگز کو خریدا، جہاں کئی گھنٹوں تک سخت مقابلہ جاری رہا اور سینکڑوں بولیاں لگائی گئیں۔
کیفے کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے کافی کے لیے اب تک کی سب سے زیادہ قیمت ادا کی ہے۔
جولِتھ کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ ’کافی بینز کے 20 کلوگرام تقریباً 22 لاکھ درہم (یعنی 6 لاکھ ڈالر) میں فروخت ہوئے۔‘
ایشیائی خریداروں، اماراتی کافی کے شوقینوں اور کافی بینز جمع کرنے والوں نے کیفے سے رابطہ کیا ہے تاکہ وہ کچھ ’نیدو 7 گیشا‘ بینز حاصل کر سکیں، جو پاناما کے بارو آتش فشاں کے قریب ایک فارم پر اگائے جاتے ہیں۔
تاہم کیفے نے کہا کہ وہ اپنے اس قیمتی ذخیرے کو شیئر کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔ تاہم اس کا ایک چھوٹا حصہ دبئی کے شاہی خاندان کے لیے مخصوص ہے۔