Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حکومت 27ویں آئینی ترمیم لارہی ہے اور یہ ضرور آئے گی: اسحاق ڈار

پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اعلان کیا ہے کہ حکومت 27 ویں آئینی ترمیم لا رہی ہے اور لائے گی۔
منگل کو سینٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ کہ حکومت اپنی سب بڑی اتحادی پیپلز پارٹی کے ساتھ اس معاملے پر بیٹھ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’27 ویں  ترمیم آنے والی ہے، کوشش کریں گے آئین کے مطابق پیش کریں،  آپ 27ویں ترمیم پر تقریر کریں گے، رائے دیں گے۔‘
انہوں نے وزیرقانون اور چیئرمین سینیٹ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’میری گذارش ہے اس ترمیمی بل کو سب سے پہلے سینیٹ میں پیش کیا جائے جہاں اسے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف میں بھجیا جائے جس میں قومی اسمبلی کی کمیٹی بھی شامل ہو۔‘
انہوں نے کہا کہ اس طرح اس ترمیم پر پارلیمانی کمیٹی میں بحث ہو جائے گا اور اس حوالے سے حکومت دوسرے سٹیک ہولڈرز بشمول بار کونسلز سے بھی مشاورت کرے گی۔
’یہ یقین دہانی کرواتا ہوں کہ یہ نہیں ہو گا کہ جلد بازی میں ترمیم منظور کروالی جائے۔‘
نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ہم ابھی اپنے سب سے بڑے اتحادی کے ساتھ بیٹھے ہیں،  دیگر اتحادی جماعتوں ایم کیو ایم ، اے این پی ، بی اے پی کو بھی اعتماد میں لینا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت 27 ویں آئینی ترمیم لا رہی ہے اور لائے گی، حتمی دستاویز آپ کے سامنے پیش کر دی جائے گی۔
نائب وزیر اعظم نے کہا کہ بلاول بھٹو کا بیان دیکھا تھا، بیان دینا ان کا حق ہے، بلاول نے جن باتوں کی نشاندہی کی وہ ہوا میں نہیں کی،ان پر بات ہوئی ہے، پیپلز پارٹی اور ہم ایک پوائنٹ پر پہنچے ہیں اور اب ہم دوسرے اتحادیوں کو لائیں گے۔
خیال رہے پیر کو پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اعلان کیا تھا کہ شہباز شریف کی پی پی پی کی لیڈرشپ سے ملاقات ہوئی ہے جس میں بتایا گیا کہ وفاقی حکومت نے 27 ویں آئینی ترمیم لا رہی ہے۔
ان کے مطابق 27 ویں آئینی ترمیم میں آرٹیکل 243 میں ترمیم،  ايگزيکٹو مجسٹریسی، این ایف سی اور دیگر ترامیم شامل ہیں۔
 

شیئر: