جدہ میں جاری انٹرنیشنل کارواں فیسٹیول کی غیرمعمولی مقبولیت
مختلف ممالک کے روایتی پکوان اور ثقافتوں کو متعارف کرایا جارہا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
جدہ میں جاری انٹرنیشنل کاروان فیسٹیول غیرمعمولی طور پر مقبول ہو رہا ہے۔ یہ فیسٹیول آئندہ برس 9 اپریل تک جاری رہے گا جس میں مختلف ممالک کے روایتی پکوان اور ثقافتوں کو متعارف کرایا جارہا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق فیسٹیول میں مختلف ملکوں کی جانب سے پویلین بنائے گئے ہیں جہاں ثقافتی تعارف اور ان ممالک کی دستکاری وغیرہ کی نمائش کی جارہی ہے۔
نمائش میں بچوں کے لیے تعلیمی و تفریحی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ انٹرنیشنل کارواں میں 6 علاقے قائم کیے گئے ہیں جو مختلف براعظموں اور ممالک کی نمائندگی کرتے ہیں۔
خلیج تعاون کونسل کے علاقے میں خلیجی ممالک کی روایتی دستکاری اور وہاں کی مصنوعات کے علاوہ صحرائی طرززندگی کو نمایاں کیا گیا ہے۔
مشرقی ایشیائی ممالک کے علاقے میں چین، جاپان اور کوریا کی معروف مصنوعات جن میں ریشم اور سرامیک کی روایتی مصنوعات کی نمائش کی جارہی ہے۔

ترکیہ اور مراکش کے پویلین میں بھی وہاں کی دستکاری کے نمونے رکھے گئے ہیں جبکہ پاکستان و انڈیا کے سٹالز پر عطر، مصالے، کپڑے ، دستکاری کے نمونے ان علاقوں کی شناخت کو نمایاں کرتے ہیں۔
مصر کے پویلین میں قدیم مخطوطات اور تاریخی اشیا کی نمائش کی گئی ہے جبکہ افریقی علاقے کے پویلین میں وہاں کے قبائلی فنون اور ثقافت کو پیش کیا جارہا ہے۔
