ریاض کے ’جیکس فلم سٹوڈیوز‘ میں ورچوئل پروڈکشن پلیٹ فارم
اسے سونی کی جدید ترین سکرین ٹیکنالوجی سے ڈیزائن کیا گیا ہے۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں فلم انڈسٹری کو فروغ دینے کےلیے فلم کمیشن نے ریاض میں واقع ’جیکس فلم سٹوڈیوز‘ میں ورچوئل پروڈکشن پلیٹ فارم کے اضافے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق ورچوئل پروڈکشن کے حوالے سے عالمی شہرت یافتہ ’بیکسوموندو‘ کمپنی کے تعاون سے یہ پلیٹ فارم قائم کیا جائے گا۔
سونی کی جدید ترین سکرین ٹیکنالوجی Verona crystal led کا استعمال کرتے ہوئے اسے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
پلیٹ فارم پر 2720 سونی سکرینز نصب ہوں گی جبکہ سٹوڈیو میں جدید ترین کیمرے اور پروڈکشن ڈیوائسز نصب ہوں گی جو ہالی وڈ کے پروڈکشن ہاوس کی ضرورتوں کے مطابق ہیں۔
فلم کمیشن کے سی ای او عبداللہ القحطانی نے بتایا ’جیکس سٹوڈیوز فلم انڈسٹری کے میدان میں ایک ممتاز مقام کا حامل ہے، عالمی سطح پر ورچوئل پروڈکشن انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری فلم انڈسٹری میں مملکت کے اہداف کو حاصل کرنے کی جانب ایک قدم ہے۔

اتھارٹی کے ترقیاتی امور اورسرمایہ کاری کے ڈائریکٹر جنرل عبدالجلیل الناصر کا کہنا تھا یہ منصوبہ علاقائی پروڈکش کے لیے ایک مثالی تجربہ ہوگا جس میں سونی اور بیکسوموندو کے تجربات اور ٹیکنالوجی شامل ہوگی۔
ریاض کے جس علاقے میں یہ جیکسں سٹوڈیو ہیں وہ اپنے سٹرٹیجک مقام کے حوالے سے اس لیے اہم ہے کہ یہاں سے فائیو سٹار ہوٹلز اور ایئرپورٹ قریب ہے جس سے پروڈکشن میں سہولت ہوگی۔
یہ آغاز مملکت کی ان کوشش کی جانب ایک اور قدم ہے جن کے تحت مملکت میں مربوط اور مسابقت پر مبنی فلم اور میڈیا انڈسٹری کی تعمیر کی جائے گی۔۔

فلمسازوں کو سہولت ہوگی کہ وہ مقامی عملے کو پروڈکشن سے پہلے اور بعد میں پیش آنے والی خدمات کے لیے کام پر رکھ سکیں۔ یہ سب سہولتیں سٹوڈیو سے 20 منٹ کے فاصلے پر دستیاب ہوں گی۔
سعودی عرب پروڈکشن میں اہمیت کے لحاظ سے اہم مرکز بن رہا ہے، جیکس سٹوڈیو کی تعمیر میں خیال رکھا گیا ہے کہ یہ بین الاقوامی معیار کے تمام تقاضوں کو پورا کرے جس میں مقامی طور پر تخلیقی ذہن رکھنے والوں کو بااختیار بنایا جا سکے اور عالمی ٹیلنٹ بھی یہاں آئے۔
