دوسرا ون ڈے: جنوبی افریقہ نے پاکستان کو شکست دے دی، سیریز 1-1 سے برابر
دوسرا ون ڈے: جنوبی افریقہ نے پاکستان کو شکست دے دی، سیریز 1-1 سے برابر
جمعرات 6 نومبر 2025 13:17
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
پاکستان کی جانب سے سلمان علی آغا نے 69 اور محمد نواز نے 59 رنز بنائے (فوٹو: پی سی بی)
تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم نے پاکستان کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز ایک، ایک سے برابر کر دی ہے۔ سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن میچ سنیچر کو فیصل آباد کے اقبال سٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔
جمعرات کو فیصل آباد کے اقبال سٹیڈیم میں پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 269 رنز بنائے اور جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 270 رنز کا ہدف دیا۔ مہمان ٹیم نے اوپنر کوئنٹن ڈی کوک کی شاندار سینچری کی بدولت مطلوبہ ہدف اکتالیسویں اوور میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ڈی کاک نے ناقابل شکست 123 رنز سکور کیے۔
پاکستان نے اننگز کا مایوس کُن آغاز کیا۔ پاکستان کی پہلی وکٹ فخر زمان کی صورت میں پہلے اوور کی تیسری گیند پر گری، وہ صفر پر آؤٹ ہوئے۔
بابر اعظم ایک مرتبہ پھر ناکام رہے، وہ چوتھے اوور میں 11 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
پاکستان کی تیسری وکٹ بھی جلد ہی گری، پانچویں اوور میں محمد رضوان صرف چار رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے صائم ایوب اور سلمان علی آغا نے عمدہ کھیل پیش کیا۔ دونوں بیٹرز نے تیزی سے گرتی ہوئی وکٹوں کو سنبھالا اور ٹیم کے سکور میں بھی اضافہ کیا۔
صائم ایوب ایک چھکے اور پانچ چوکوں کی مدد سے 53 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ سلمان علی آغا پانچ چوکوں کی مدد سے 106 گیندوں پر 69 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے۔
محمد نواز چار چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 59 جبکہ فہیم اشرف دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ان کے علاوہ حسین طلعت 10 اور شاہین شاہ آفریدی ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد وسیم 12 اور نسیم شاہ چھ رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے نندرے برگر نے چار وکٹیں حاصل کیں (فوٹو: اے ایف پی)
جنوبی افریقہ کی جانب سے نندرے برگر نے چار، نقابہ پیٹر نے تین اور کوربن بوش نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل پاکستان کے خلاف مسلسل ساتواں ٹاس ہارنے پر جنوبی افریقہ کے قائم مقام ون ڈے کپتان میتھیو بریٹزکے نے کہا کہ ’مجھے نہیں معلوم اس ملک میں کیا ہو رہا ہے۔‘
یاد رہے کہ پہلے ون ڈے میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو دو وکٹوں سے شکست دی تھی۔
جنوبی افریقہ کی پلیئنگ الیون
جنوبی افریقہ کی پلیئنگ الیون میں لوہان-دری پریٹوریئس، کوئنٹن ڈی کاک (وکٹ کیپر)، ٹونی ڈی زورزی، میتھیو بریٹزکے (کپتان)، سینیتمبا کیشیلے، ڈونوون فریرا، جارج لنڈے، کوربن بوش، بیورن فورٹؤن، نقابہ پیٹر اور نندرے برگر شامل ہیں۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون
پاکستان کی پلیئنگ الیون میں فخر زمان، صائم ایوب، بابر اعظم، محمد رضوان ، سلمان علی آغا، حسین طلعت، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، محمد وسیم اور نسیم شاہ شامل ہیں۔