برطانوی شہری امیگریشن حکام کو چکما دے کر دہلی ایئرپورٹ سے فرار، دس روز سے تلاش جاری
انڈین پولیس کو گزشتہ دس روز ایک برطانوی شہری کی تلاش ہے جو دہلی ایئر پورٹ پر امیگریشن حکام کو چکما دے کر فرار ہو گیا۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق ایک 36 سالہ برطانوی شہری کو تھائی لینڈ سے ملک بدر کرنے کے بعد انڈیا کے راستے واپس برطانیہ لے جانا تھا۔
29 اکتوبر کو ایئر انڈیا کی پرواز متعلقہ شخص کو لے کر دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر پہنچی جہاں سے برطانیہ کے لیے اگلی فلائٹ چلنا تھی۔
اگرچہ برطانوی شہری کے پاس انڈیا میں رہنے کے لیے درکار ویزا موجود نہیں تھا، اس کے باوجود وہ امیگریشن ایئریا سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
گزشتہ دس روز سے برطانوی شہری کی تلاش جاری ہے لیکن پولیس فی الحال اس کو ڈھونڈنے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔
برطانوی شہری کی شناخت جارڈن جوزیف پیٹرک کے نام سے کی گئی ہے جو 28 اکتوبر کو بینگکاک سے ایئر انڈیا کی فلائٹ سے دہلی پہنچا تھا جس کے تقریباً دو گھنٹے بعد لندن کے لیے پرواز روانہ ہونا تھی۔
پولیس ذرائع کے مطابق 29 اکتوبر کو اس کے لاپتہ ہونے کے حوالے سے علم ہوا جب ایئرلائن نے امیگریشن اور دیگر متعلقہ حکام کو آگاہ کیا، جس کے بعد سے دہلی پولیس، سینٹرل سکیورٹی اور خفیہ اداروں کی جانب سے تلاش جاری ہے۔
سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج سے معلوم ہوا ہے کہ جارڈن جوزیف پیٹرک صبح 7 بج کر 30 منٹ پر دیگر مسافروں کے ہمراہ ایئرپورٹ سے نکل گیا اور اس کو شہر کی طرف جاتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔
برطانوی شہری کے خلاف ایف آئی آر دائر کی گئی ہے تاہم برطانوی سفارت خانے سے اب تک کوئی ردعمل نہیں دیا۔
ایئرپورٹ سکیورٹی فورس کا کہنا ہے کہ دہلی پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
برطانوی شہری کی گمشدگی کے حوالے سے ریلوے سٹیشنز، بس اڈوں اور دہلی میڑو سٹیشنز پر بھی عملے کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے ایئرپورٹ کے قریب ہوٹلوں کی بھی چھان بین کی ہے لیکن برطانوی شہری کا سراغ نہ مل سکا۔
