Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نجران میں سرسبز مقامات میں اضافہ، سینکڑوں درخت لگائے گئے

ماحولیاتی اور شہری منظر نامے کے لیے منصوبوں پر کام کیا جا رہا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے نجران ریجن میں عوام کے لیے بنائے گئے پارک اور باغات یہاں رہنے اور سیاحت کے لیے آنے والوں کے لیے کسی پناہ گاہ سے کم نہیں جہاں اختتامِ ہفتہ، ان کے لیے خاص طور پر جاذبِ نظر تفریحی مقامات اور بیٹھنے کی جگہیں بنائی گئی ہیں۔
نجران میونسپلٹی، ماحولیاتی اور شہری منظر نامے کے لیے مختلف منصوبوں پر کام کرتی رہتی ہے تاکہ شہری لینڈسکیپ کو خوبصورت بنانے کے لیے سبزے اور سبز مقامات میں اضافہ کیا جا سکے۔
یہ اقدامات ’سعودی وژن 2030 ‘ کے اہداف کے لیے تعاون کا کام کرتے ہیں جن کا مقصد نہ صرف ماحولیات کو بہتر بنانا بلکہ انسانی زندگی کا معیار بھی بلند کرنا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق بلدیہ نجران نے 24 مقامات پر سبزے میں اضافے کے لیے کام  شروع کیا ہے اور8487 درخت لگائے ہیں۔
ان درختوں میں 20 مقامی درخت ہیں جو ریجن کی آب و ہوا کے لیے بہت موزوں ہیں۔ ان درختوں کو ایک حکمتِ عملی کے تحت شہر کے خاص مقامات پر لگایا گیا ہے۔
بلدیہ نجران کے ترجمان عبداللہ الفضل نے بتایا کہ ’ان کوششوں کا مقصد سبز مقامات اور عوامی پارکس کو وسعت دینا، زمین کے بنجر پن کا مقابلہ کرنا، گرد و نواح کے علاقوں اور شاہراؤں کی حالت کو بہتر بنانا اور ایک محفوظ، صحت مند، تفریحی ماحول فراہم کرنا ہے۔‘

انھوں نے کہا کہ’ بلدیہ باقاعدگی کے ساتھ دیکھ بھال کا کام کرتی ہے اور سیرابی کے عمل میں پانی کے ضیاع کو روکنے کے لیے جدی مشینری کا استعمال کرتی ہے تاکہ سبزہ بھی برقرار رہے اور شہر کی خوبصورتی بھی متاثر نہ ہو۔‘
نجران میں کئی بڑے پارک، عام لوگوں اور نجران کے رہنے والوں کے لیے بہترین سیاحتی مقام کے طور پر نمایاں ہو کر سامنے آتے ہیں۔ ان میں ’کنگ فہد پارک‘ دُور تک پھیلی سر سبز زمین، تناور درختوں، بائیسکل اور پیدل چلنے کے لیے الگ بنائی گئی رہگزاروں، بیٹھنے کے لیے نشستوں اور بچوں کے کھیل کُود کے لیے مختلف سہولتوں کی وجہ سے کافی مشہور ہے۔

پرنس جلوی بن عبدالعزیز پارک‘ پکنک منانے والوں کے لیے شور سے دور ایک بہترین جگہ ہے جہاں ہر طرف آنکھوں کو سبزہ نظر آتا ہے۔ یہاں سستانے اور آرام کی کئی جگہیں ہیں۔
شہزادہ ترکی بن ھذلول پارک‘ اپنے کھلے ایریا اور جامع سہولتوں کی وجہ سے مقامی آبادی کا ایک پسندیدہ پارک ہے۔

 

شیئر: