Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سے قطر کی مجلسِ شوریٰ کے سپیکر کی ملاقات

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور اسلامی اخوت پر مبنی ہیں (فوٹو: سکرین گریب)
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے قطر کی مجلسِ شوریٰ کے سپیکر حسن بن عبداللہ الغنیم نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور قطر کے درمیان پارلیمانی و برادرانہ تعلقات کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔
پیر کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے قطر کی مجلسِ شوریٰ کے سپیکراور وفد کا پاکستان آمد پر خیرمقدم کیا۔
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور اسلامی اخوت پر مبنی ہیں۔
چیئرمین سینیٹ نے قطر کی توانائی، سرمایہ کاری اور افرادی قوت میں تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ قطر میں مقیم پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط کر رہی ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے قطر کے علاقائی امن اور ثالثی میں کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمانی سفارت کاری پاکستان و قطر کے مابین قربتیں بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ امن، استحکام اور انسانی سلامتی کے تحفظ میں پارلیمان کا مرکزی کردار ہے۔ایک پُرامن اور خوشحال اسلامی دنیا پاکستان و قطر کا مشترکہ وژن ہے۔
یئرمین سینیٹ نے فلسطین میں قطر کی انسانی ہمدردی پر مبنی کوششوں کو سراہا اوردوحہ مذاکرات کے ذریعے افغانستان میں امن کے قیام پر قطر کے کردار کی تعریف کی۔
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان توانائی، زراعت، آئی ٹی اور صنعت میں قطری سرمایہ کاری کو خوش آمدید کہتا ہے۔ 

 

شیئر: