رہائش اور خوراک کی قیمت میں اضافے کے باعث مہنگائی 2.2 فیصد بڑھ گئی
جمعرات 13 نومبر 2025 13:39
’اکتوبر کے دوران غذائی اشیا اور مشروبات کی قیمتوں میں 1.5 فیصد اضافہ ہوا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
محکمہ شماریات کہا ہے کہ سعودی عرب میں اکتوبر 2025 کے دوران افراط زر کی شرح میں 2.2 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمے نے کہا ہے کہ ’یہ شرح گزشتہ سال اکتوبر کے مقابلے میں ہے‘۔
محکمے نے اضافے کی وجہ رہائش، پانی، بجلی، گیس اور ایندھن کی قیمتوں میں 4.5 فیصد اضافہ قرار دیا ہے۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’غذائی اشیا اور مشروبات کی قیمتوں میں 1.5 فیصد اضافہ اور ریستوران و رہائش خدمات کی قیمتوں میں 1.1 فیصد بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمے نے وضاحت کی ہے کہ رہائش، پانی، بجلی، گیس اور دیگر ایندھن کے شعبے کی قیمتوں میں اضافہ دراصل کرایوں میں 5.7 فیصد اضافے کے سبب ہوا ہے جو بنیادی رہائشی مکانات کے حقیقی کرایوں میں اسی شرح سے اضافے کا نتیجہ ہے۔
اسی طرح، غذائی اشیا اور مشروبات کے شعبے میں 1.5 فیصد اضافہ درج کیا گیا، جو تازہ، ٹھنڈی یا منجمد گوشت کی قیمتوں میں 2.5 فیصد اضافے سے متاثر ہوا ہے۔
جبکہ ریستوران اور رہائش خدمات کے شعبے کی قیمتیں 1.1 فیصد بڑھی ہیں جس کی بنیادی وجہ کھانے پینے کی اشیا اور مشروبات کی پیشکش سے متعلق خدمات کی قیمتوں میں 1.4 فیصد اضافہ تھا۔