Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

راولپنڈی میں سہ ملکی سیریز کے افتتاحی میچ میں آج پاکستان اور زمبابوبے مدمقابل

سہ ملکی سیریز کرکٹ سیریز کا افتتاحی میچ آج پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان اور زمبابوبے کے درمیان کھیلا جائے گا۔ 
منگل کو سخت سکیورٹی انتظامات میں سہ ملکی سیریز کا آغاز ہونے جا رہا ہے جس کا فائنل میچ  28 نومبر کو ہو گا۔
اسلام آباد میں خودکش دھماکے کے بعد غیرملکی ٹیموں کی سکیورٹی فوج اور رینجرز کے حوالے کی گئی ہے جبکہ لاہور کے میچ بھی راولپنڈی منتقل کر دیے گئے تھے۔
پیر کو پاکستان ٹی20 کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا تھا کہ ایک روزہ فارمیٹ میں ٹیم کی کارکردگی کافی بہتر رہی ہے اور اب بھی ٹیم میں کسی بڑی تبدیلی کا ارادہ نہیں۔
پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ ’جو حکمتِ عملی گزشتہ میچز میں کامیاب رہی ہے، اسے ہی آگے لے کر چلیں گے۔‘
سلمان آغا کے مطابق ’گزشتہ تین سے چار ماہ سے ٹیم آل راؤنڈرز پر انحصار کر رہی ہے اور محمد نواز اور فہیم اشرف مکمل آل راؤنڈرز کے طور پر دستیاب ہیں جو مکمل چار اوورز بھی کر سکتے ہیں اور بیٹنگ بھی کرتے ہیں، اس لیے انہیں بھرپور استعمال کیا جائے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’صائم ایوب بھی کافی عرصے سے اچھی بولنگ کر رہے ہیں اور کوشش ہوتی ہے کہ وہ اور میں دونوں بولنگ کریں۔‘
کپتان نے مزید کہا کہ ’نچلے نمبرز پر ٹیم کی کارکردگی بری نہیں، تاہم مڈل آرڈر کو مزید بہتر ہونے کی ضرورت ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ عبدالصمد کو فنشر کے طور پر استعمال کیا جائے گا جبکہ جن کھلاڑیوں کو موقع نہیں ملا، انہیں ٹرائی سیریز میں کھلایا جائے گا کیونکہ 12 کھلاڑی ایک ساتھ نہیں کھیل سکتے۔‘

سلمان علی آغا کے مطابق سہ ملکی سیریز کے لیے ٹیم میں کسی بڑی تبدیلی کا ارادہ نہیں: فائل فوٹو اے ایف پی

سلمان علی آغا نے پنڈی سٹیڈیم کے کراؤڈ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہمیشہ ہاؤس فل ہوتا ہے اور وہاں کے شائقین ہمیشہ بڑی تعداد میں آتے ہیں۔‘
ٹی20 کرکٹ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’اس فارمیٹ میں کسی بھی ٹیم کو ہلکا نہیں لیا جا سکتا۔‘
’وائٹ بال سیریز میں ٹیم اچھا مومینٹم حاصل کر چکی ہے اور کوشش یہی ہوگی کہ اسے برقرار رکھا جائے۔ کرکٹ کیریئر میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں لیکن ٹیم مکمل اعتماد کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔‘

شیئر: