19 نومبر ایک عجیب تاریخ ہے۔ اس دن انڈیا کی پہلی وزیراعظم اندرا گاندھی پیدا ہوئیں، پھر ذرا انٹرنیٹ کو اور کھنگالا تو پتہ چلا کہ اسی دن انڈیا کی ’گلیمر گرل‘ زینت امان بھی پیدا ہوئیں۔
ابھی اسی ادھیر بُن میں تھا کہ سشمیتا سین کا مسکراتا ہوا چہرہ آنکھوں کے سامنے آ گیا جس کے سامنے آتے ہیں شاہ رخ خان فلم ’میں ہوں ناں‘ میں اپنا وجود بھول جاتے ہیں۔
تو آج یعنی 19 نومبر کو سشمیتا سین 50 برس کی ہو رہی ہیں۔
مزید پڑھیں
-
امیتابھ بچن سیاست میں: جب سٹارڈم نے ووٹ بینک کو مات دیNode ID: 895708
زندگی میں 50 سال کے کیا معنی ہوتے ہیں یہ کوئی ان سے پوچھے کیونکہ انہوں نے بے باکانہ انداز میں اپنی زندگی گزاری ہے اور اپنے بارے میں، اپنے رشتوں کے بارے میں اور اپنی صحت کے بارے میں وہ بہت صاف گو رہی ہیں۔
یوں تو ان کے مطابق ان کا پہلا پیار اداکار سلمان خان ہیں لیکن وہ اپنے پہلے پیار کی ہی طرح آج تک اکیلی ہیں۔ سلمان خان کی پہلی فلم ’میں نے پیار کیا‘ جب سنہ 1989 میں ریلیز ہوئی تو سلمان لاکھوں دلوں کی دھڑکن بن گئے لیکن ان میں سے صرف ایک کو یہ موقع ملا کہ وہ ان کی ہیروئن بن سکیں اور یہ موقع سشمیتا سین کی قسمت میں آیا۔
لیکن اس سے قبل انہوں نے اپنے حسن کا دنیا بھر میں اس وقت ڈنکا بجا دیا جب وہ 18 برس کی عمر میں مِس انڈیا منتخب ہوئیں اور انہیں انڈیا کی جانب سے مِس یونیورس کے مقابلے میں نامزدگی ملی۔

فلپائن کے شہر پیسے میں منعقدہ اس مقابلۂ حسن میں انہوں نے اپنی ذہانت اور حاضر جوابی سے مقابلہ حسن جیت لیا کیونکہ وہ کئی مرحلوں میں دوسرے اور تیسرے نمبر پر آتی رہی تھیں۔
حال ہی میں سشمیتا سین نے رشتوں کی اہمیت پر بات کی ہے اس لیے آج ہم ان کے اسی پہلو کے حوالے سے انہیں یاد کر رہے ہیں۔
سشمیتا 19 نومبر 1975 کو ایک بنگالی خاندان میں دکنی ریاست کے دارالحکومت حیدرآباد میں پیدا ہوئیں۔ ان کے والد فوج میں ونگ کمانڈر تھے جبکہ والدہ زیورات کے ڈیزائن کے میدان میں تھیں۔
سشمیتا نے دہلی کے ایئرفورس گولڈ جوبلی انسٹی ٹیوٹ اور سیٹ این ہائی سکول سکندر آباد سے ابتدائی تعلیم حاصل کی لیکن پھر ان کے لیے ایک نئی دنیا کھل گئی، جہاں سے انہوں نے تعلیم کے میدان میں ایک بار مڑ کے دیکھا لیکن اعلیٰ تعلیم کو جاری نہ رکھ سکیں۔
سشمیتا سین نے سنہ 1994 میں ملکۂ کائنات بننے کے بعد بالی وڈ کا رخ کیا اور دو برس بعد فلم ’دستک‘ سے انہوں نے فلم کی دنیا میں دستک دی۔

اس فلم میں وہ ایک ایسی لڑکی کا کردار ادا کرتی ہیں جس کا کوئی پیچھا کرتا ہے۔ یہ فلم اپنے زمانے کی سب سے زیادہ خرچیلی فلم تھی لیکن وہ زیادہ کامیاب نہ ہو سکی۔
انہوں نے اپنی زندگی میں جس حوصلے، صاف گوئی اور وقار کے ساتھ محبت کے اتار چڑھاؤ کو جِیا ہے، وہ انہیں دُنیا کی چند بے مثال شخصیات میں شامل کرتا ہے۔
اُن کے پچاس برس اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ محبت کبھی اُن کی کمزوری نہیں رہی بلکہ وہ اُن کی شخصیت کا ایک روشن اور باوقار باب رہی ہے۔
معروف فلم ساز اور ہدایت کار مہیش بھٹ کی فلم ’دستک‘ میں ان کی ملاقات فلم کی کہانی لکھنے والے وکرم بھٹ سے ہوئی جن کے ساتھ ان کا رشتہ اگرچہ پرخلوص تھا لیکن یہ پیچیدہ رشتہ بھی تھا۔

اس وقت وکرم بھٹ شادی شدہ تھے لیکن اپنی اہلیہ سے علیحدہ رہ رہے تھے۔ سشمیتا نے بعد میں صاف کہا: ’مجھے اس رشتے پر کبھی احساس جرم نہیں ہوا، کیونکہ وہ دونوں الگ الگ زندگی گزار رہے تھے۔ میں کسی شخص کو اُس کی بُری شادی پر سزا نہیں دے سکتی۔‘
ان کے اسی رشتے کی بازگشت فلم ’ان کہی‘ میں بھی سنائی دیتی ہے، جسے وِکرم نے اپنی زندگی کے تجربات سے متاثر ہو کر بنایا۔
بعد کے برسوں میں وِکرم نے اس تعلق کو اپنی غلطی قرار دیتے ہوئے اپنی فیملی کو پہنچنے والے دُکھ کا اعتراف بھی کیا۔
وکرم کے بعد سشمیتا سین اداکار رندیپ ہوڈا کے ساتھ رہیں۔ ان کی تین برس کی محبت سنجیدہ تھی۔
رندیپ نے برسوں بعد کہا: ’سشمیتا سے علیحدگی میری زندگی کے لیے اہم موڑ تھی۔۔۔ میں نے سیکھا کہ میں نے اس رشتے کو بہت زیادہ وقت دے دیا تھا۔‘

رندیپ نے یہ بھی بتایا کہ وہ اس دوران سشمیتا کی بیٹی سے بھی بہت انسیت رکھتے تھے، جو اس رشتے کی گہرائی کو ظاہر کرتا ہے۔
خیال رہے کہ سشمیتا نے کئی بچیوں کو گود لے رکھا ہے لیکن ان کی اپنی کوئی اولاد نہیں ہے۔
رندیپ ہوڈا کے ساتھ رشتے میں آنے سے قبل سلمان خان کے ساتھ ان کی فلم ’بیوی نمبر ون‘ انتہائی کامیاب رہی۔ یہ فلم سنہ 1999 میں آئی اور اس نے ایک طرح سے فلم انڈسٹری میں سشمیتا کے قدم جما دیے۔
اس فلم کے لیے انہیں چار بہترین معاون اداکارہ کے ایوارڈز ملے جن میں فلم فیئر، آئيفا، سکرین، زی سنے سب شامل ہیں۔
فلم کی شوٹنگ کا ایک واقعہ شیئر کرتے ہوئے سشمیتا سین نے بتایا کہ اس فلم کے دوران ان کی سلمان سے دوستی ہو گئی اور ایک دن انہوں نے سلمان خان کو ان پر اپنے کرش کی کہانی سنائی۔
ان کی کہانی سننے کے بعد سلمان خان نے انہیں یہ بتایا کہ ’انہوں نے میری 15 برس کی عمر کی ایک تصویر دیکھی تھی جس کے پیچھے ان کی فلم کا پوسٹر لگا ہوا تھا۔‘

سشمیتا نے مزید بتایا: ’تو میں نے کہا کہ میں نے آپ سے کہا تھا کہ میرے کمرے میں آپ کے پوسٹر لگے ہوئے تھے۔‘
اس کے جواب میں سلمان خان نے پوچھا کہ میری پسندیدہ فلم کون سی ہے؟ تو میں نے جواب دیا ’میں نے پیار کیا‘۔ پھر سلمان خان ڈیوڈ دھون کے پاس گئے اور کہا ’ہمیں سشمیتا سین کے ساتھ ’میں نے پیار کیوں کیا‘ بنانی ہے۔‘
اور اس طرح سشمیتا دوبارہ سلمان خان کے ساتھ نظر آئیں۔
ان کی رحمان شال سے دوستی بہت برسوں تک رہی لیکن ان دونوں کے درمیان قریباً 15 برس کا فرق تھا۔
رحمان شال کا تعلق کشمیر سے ہے۔ سشمیتا نے سنہ 2021 میں اس رشتے کے خاتمے کا اعلان کیا تھا لیکن پھر اسی سال جنوری میں رحمان کی یوم پیدائش پر وہ ان کے ساتھ تھیں۔

ان کا رشتہ قریباً سات برس جاری رہا اور پھر سشمیتا نے خود اعلان کیا: ’ہم نے دوستی سے اپنے رشتے کی ابتدا کی تھی۔ اور دوستی پر ہی ختم کر رہے ہیں۔ رشتہ ختم ہو گیا۔۔۔ محبت باقی ہے۔‘
علیحدگی کے بعد بھی رحمان شال نے اُن کے لیے غیرمعمولی احترام کا اظہار کیا اور کہا کہ دونوں کے درمیان ’کچھ خاص‘ ہے جو ہمیشہ رہے گا۔ لیکن سشمیتا نے بعد میں بتایا کہ وہ مکمل طور پر سنگل ہیں اور اُن کی زندگی میں کوئی مرد موجود نہیں۔
گزشتہ دنوں جب آئی پی ایل کے بانی للت مودی کے ساتھ ان کی تصاویر سامنے آئیں تو سشمیتا کو تنقید کا نشانہ بنایا گيا۔ انہیں بعض حلقے سے ’گولڈ ڈگر‘ کہا گیا۔
لیکن ان دونوں کا رشتہ مختصر رہا۔ سنہ 2022 میں للت مودی کے ساتھ اُن کی قربت نے میڈیا میں خاصی ہلچل مچا دی۔

للت نے اُنہیں اپنی ’بیٹر ہاف‘ یعنی اہلیہ بھی کہا لیکن سشمیتا نے واضح کیا کہ تعلق تو تھا مگر شادی کی کوئی بات نہ تھی۔ انہوں نے اسے اپنی زندگی کا ایک تجربہ اور ایک مرحلہ قرار دیا۔
سشمیتا سین کے اس انداز نے پھر ثابت کیا کہ وہ دوسروں کی رائے سے زیادہ اپنی سچائی کو اہمیت دیتی ہیں۔
چاہے وِکرَم بھٹ ہوں، رندیپ ہوڈا یا رحمان شال، سشمیتا نے چند ایک اصولوں پر زندگی گزاری کہ وہ محبت میں سب کچھ لگا دینے والی ہیں لیکن جب رشتہ تلخ ہونے لگے تو علیحدگی بہتر ہے اور یہ کہ اپنے وقار پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گی۔
انہوں نے صاف کہا کہ وہ شادی اس لیے نہیں کر سکیں کہ وہ دو بچوں ماں تھیں بلکہ اس لیے نہیں کی کہ انہیں ابھی تک ’صحیح شریکِ حیات‘ نہ ملا۔

اُن کے مطابق آزادی اور خودداری اُن کی شخصیت کے بنیادی ستون ہیں۔
پچاس برس کی عمر میں سشمیتا سین ایک ایسی عورت کے طور پر سامنے آتی ہیں جو محبت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، غلطیوں سے سیکھتی ہیں، رشتوں میں وفاداری اور نرمی رکھتی ہیں مگر اپنے وقار پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرتیں۔
سشمیتا سین کی محبتوں کی کہانی دراصل ان کی ’خود سے محبت‘ کی کہانی ہے اور یہی چیز انہیں ایک غیرمعمولی شخصیت بناتی ہے۔












