Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گوادار کے ساحل کے قریب بوٹل نوز ڈولفن کے ایک بڑے گروپ کا مشاہدہ

بلوچستان کے شہر گوادار کے ساحل کے قریب بوٹل نوز ڈولفن کے ایک بڑے گروپ کا مشاہدہ کیا گیا ہے۔
 ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ڈولفن پاکستان کے ساحلی پانیوں میں عام طور پر پائی جاتی ہیں۔
بوٹل نوز ڈولفن کے بڑے جتھے دریائے سندھ کے ڈیلٹا، چرن آئی لینڈ، اورمارہ، استولا آئی لینڈ، اور گوادار کے علاقے میں دیکھے جا سکتے ہیں۔
بیان کے مطابق پاکستان میں ڈولفن اور وہیل کی 27 اقسام پائی جاتی ہیں۔ ڈولفن کے جتھوں کا بار بار دیکھنا ہمارے سمندر کی صحت کی نشاندہی کرتا ہے۔
ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان نے ڈولفن اور وہیل کی متنوع انواع کی موجودگی کو خوش آئند قرار دیا ہے۔
رواں ماہ کی تین تاریخ کو گوادر کے قریب عربی ہمپ بیک وہیل کے ایک بڑے گروہ کو دیکھا گیا تھا۔ یہ وہیلیں دنیا کی ان چند اقسام میں شامل ہیں جو معدومیت کے خطرے سے دوچار ہیں۔
ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے مطابق ناخدا امیر داد کریم کی قیادت میں ماہی گیروں کے ایک گروپ نے، جو امرشک (ایک قیمتی مچھلی) کے شکار میں مصروف تھا، گوادر کے پہاڑ سے تقریباً 11 ناٹیکل میل جنوب میں سمندری پانیوں میں چھ سے زائد عربی وہیلوں کو مغرب سے مشرق کی سمت ہجرت کرتے ہوئے دیکھا۔
اس مشاہدے سے ایک ہفتہ قبل بروڈس وہیل  کے ایک گروپ کو مشرقی خلیج گوادر میں دیکھا گیا تھا، جو بلوچستان کے ساحلی علاقوں کی حیاتیاتی تنوع  کی بھرپور صلاحیت کی نشاندہی کرتا ہے۔ اب تک پاکستان کے پانیوں میں ڈولفن اور وہیل کی 27 اقسام ریکارڈ کی جا چکی ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ یہاں کے سمندری پانی نہایت زرخیز ہیں
 

شیئر: