تین ماہ کے دوران 54 لاکھ سے زیادہ زائرین نے عمرہ ادا کیا
جمعرات 20 نومبر 2025 18:23
بیرون مملکت سے 13 لاکھ 24 ہزار 418 عمرہ زائرین پہنچے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی محکمہ شماریات کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ’ رواں برس کی دوسری سہ ماہی میں اندرون و بیرون ملک سے عمرہ زائرین کی تعداد 54 لاکھ سے زیادہ رہی۔‘
عاجل نیوز کے مطابق بیرون مملکت سے 13 لاکھ 24 ہزار 418 عمرہ زائرین آئے جن میں مردوں کا تناسب 49.3 فیصد جبکہ خواتین 50.7 فیصد تھیں۔
سب سے زیادہ عمرہ زائرین فضائی راستے سے سعودی عرب پہنچے جو 71.6 فیصد تھے جبکہ بری راستے سے آنے والے 28.2 فیصد اور بحری راستے سے 0.2 فیصد زائرین مملکت پہنچے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ سال 2025 کی دوسری سہ ماہی میں اندرون و بیرون مملکت سے مدینہ منورہ آنے والے زائرین کی مجموعی تعداد 3.767 ملین رہی۔
بیرون مملکت سے 21 لاکھ 2 ہزار 425 زائرین آئے جن میں 46.1 فیصد مرد جبکہ 53.9 فیصد خواتین شامل تھیں۔
مملکت کے مختلف شہروں سے آنے والے زائرین کی تعداد 7 لاکھ 66 ہزار 165 رہی جن میں 46 فیصد سعودی تھے۔
مملکت کے مختلف شہروں میں مقیم غیرملکی جو اسی عرصے میں مدینہ منورہ زیارت کے لیے آئے ان کی تعداد 8 لاکھ 99 ہزار 176 رہی جن میں مرد 68.5 فیصد اور خواتین کی تعداد 31.5 فیصد تھی۔
