Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلامک سولیڈیریٹی گیمز کا اختتام، ترکیہ سرفہرست

’میڈلز کی مجموعی فہرست میں ترکیہ 72 سونے، 44 چاندی اور 39 کانسی کے تمغوں کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی وزیرِ کھیل شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل کی موجودگی میں اسلامک سولیڈیریٹی گیمز کے چھٹے ایڈیشن کی سرگرمیاں کل جمعہ کو اختتام پذیر ہوگئیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق یہ مقابلے 7 نومبر سے جاری تھے جن میں 57 ممالک کے 3 ہزار سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔
کھلاڑیوں نے 23 کھیلوں میں پانچ بڑے مقامات میں مقابلہ کیا ہے۔
اختتامی تقریب شہزادی نورة بنت عبدالرحمن یونیورسٹی میں منعقد ہوئی جس میں کھلاڑیوں، مہمانوں اور میڈیا نمائندگان کی بڑی تعداد نے شرکت کی ہے۔
تقریب میں ’شو آف چیمپینز‘ کا خصوصی مظاہرہ کیا گیا جس میں کھلاڑیوں اور رضاکاروں کی پریڈ اور آخر میں کھیلوں کا پرچم اتارنے کی کارروائی انجام دی گئی۔
وزیر کھیل شہزادہ عبدالعزیز بن تركی الفیصل نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ ’اس ایڈیشن کی کامیابی منتظم کمیٹی، رکن ممالک اور اسلامی تعاون تنظیم کے مشترکہ تعاون کا ثمرہ ہے‘۔
’ہم یقین رکھتے ہیں کہ کھیل رابطے کا ذریعہ، امن کے فروغ کا وسیلہ اور امتِ واحدہ کے افراد کو جوڑنے والا پلیٹ فارم ہے‘۔
اس کے بعد انہوں نے مقابلوں کے چھٹے ایڈیشن کے اختتام کا اعلان کیا اور کامیاب انعقاد پر کھلاڑیوں، کوچز، منتظمین، رضاکاروں اور تمام متعلقہ اداروں کا شکریہ ادا کیا، پھر ساتویں ایڈیشن کی میزبانی کا پرچم ملائیشیا کے حوالے کیا گیا۔
سوشل میڈیا پر ریکارڈ دلچسپی
ایونٹ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے تاریخ ساز کامیابی حاصل کی۔ ایکس، انسٹاگرام، اسنیپ چیٹ، فیس بک اور لنکڈ اِن پر مجموعی رسائی ڈیڑھ ارب سے تجاوز کر گئی۔
یہ کامیابی عربی اور انگریزی زبان میں مسلسل اشاعت کے باعث ممکن ہوئی جس سے اسلامی دنیا سمیت عالمی سطح پر مواد کی رسائی بڑھی۔
پوسٹس میں روزانہ کی سرگرمیوں، میڈل سیرمونی، ایتھلیٹس ویلج کی کہانیوں، رضاکاروں، تربیتی کیمپوں اور ویڈیو رپورٹس کا احاطہ شامل تھا۔
ترکیہ نے سبقت حاصل کرلی
میڈلز کی مجموعی فہرست میں ترکیہ 72 سونے، 44 چاندی اور 39 کانسی کے تمغوں کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا۔
اس کے بعد اوزبکستان (29 سونے – 35 چاندی – 32 کانسی)، اور ایران تیسرے نمبر پر (29 سونے – 19 چاندی – 33 کانسی) رہے۔
سعودی عرب 18 سونے، 12 چاندی اور 27 کانسی کے ساتھ چوتھے مقام پر رہا۔
مصر پانچویں، بحرین چھٹے، اور قازقستان ساتویں نمبر پر رہے جبکہ نائجیریا آٹھویں، مراکش نویں اور آذربائیجان دسویں مقام پر رہے۔

شیئر: