Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تھائی لینڈ: چتا جلانے سے پہلے مندر میں مردہ قرار دی گئی خاتون زندہ نکل آئی

پائرت سودتھوپ نے بتایا کہ ہسپتال نے بغیر سرکاری موت کے سرٹیفکیٹ کے اعضا قبول کرنے سے انکار کر دیا۔ (فوٹو: اے پی)
تھائی لینڈ میں ایک خاتون نے مندر کے عملے کو اس وقت حیرت میں ڈال دیا جب اسے آخری رسومات کے لیے لائے گئے تابوت میں حرکت کرتے دیکھا گیا۔
بینکاک کے مضافات میں واقع نونتھابوری صوبے کے بدھ مت مندر واٹ رت پراکھونگ تھم نے اپنے فیس بک صفحے پر ایک ویڈیو پوسٹ کی، جس میں ایک خاتون کو سفید تابوت میں پک اَپ ٹرک کے پچھلے حصے میں لیٹا ہوا دکھایا گیا ہے۔ اس کے بازو اور سر کی ہلکی سی حرکت نے مندر کے عملے کو پریشان کر دیا۔
مندر کے جنرل اور مالیاتی امور کے مینیجر، پائرت سودتھوپ نے پیر کے روز ایسوسی‌ایٹڈ پریس کو بتایا کہ 65 سالہ خاتون کے بھائی نے اسے فِتسانولوک صوبے سے چتا جلانے کے لیے مندر تک لایا تھا۔
انہوں نے کہا کہ انہیں تابوت کے اندر سے ہلکی سی دستک کی آواز سنائی دی۔
انہوں نے بتایا، ’مجھے تھوڑا تعجب ہوا، اس لیے میں نے ان سے تابوت کھولنے کو کہا، اور سب حیران رہ گئے۔‘
’میں نے دیکھا کہ وہ آہستہ سے اپنی آنکھیں کھول رہی ہیں اور تابوت کے کنارے پر دستک دے رہی ہیں۔ وہ شاید کافی دیر سے دستک دے رہی ہوں گی۔‘
پائرت سودتھوپ کے مطابق، خاتون کے بھائی نے بتایا کہ وہ تقریباً دو سال سے بستر پر تھیں، اور جب ان کی حالت بگڑی تو وہ بے حس و حرکت ہو گئیں، اور دو دن پہلے ان کی سانسیں رکتی ہوئی محسوس ہوئیں۔ اس کے بعد بھائی نے انہیں تابوت میں رکھا اور 500 کلومیٹر کا سفر کر کے بینکاک کے ایک ہسپتال لے گئے، جہاں وہ پہلے اپنے اعضا عطیہ کرنے کی خواہش ظاہر کر چکی تھیں۔
پائرت سودتھوپ نے بتایا کہ ہسپتال نے بغیر سرکاری موت کے سرٹیفکیٹ کے اعضا قبول کرنے سے انکار کر دیا۔ ان کے مندر میں مفت چتا جلانے کی سہولت ہوتی ہے، اسی لیے بھائی اتوار کو وہاں پہنچا، لیکن موت کا سرٹیفکیٹ نہ ہونے کی وجہ سے اسے یہاں بھی انکار کر دیا گیا۔
مندر کے مینیجر نے بتایا کہ جب وہ بھائی کو موت کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کا طریقہ سمجھا رہے تھے، اسی دوران انہیں تابوت سے دستک سنائی دی۔ بعد میں انہوں نے خاتون کی حالت کا جائزہ لیا اور اسے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا۔
پائرت سودتھوپ کے مطابق، مندر کے ابٹ نے کہا ہے کہ مندر خاتون کے تمام طبی اخراجات برداشت کرے گا۔

شیئر: