’ایک دوسرے سے محبت مگر خاندان رشتے کے خلاف‘،پاکستان سے انڈیا فرار ہونے والا جوڑا گرفتار
پولیس کے مطابق دونوں تھرپارکر کے ایک گاؤں کے رہائشی ہیں (فوٹو: گیٹی امیجز)
’محبت کی خاطر‘ پاکستان کے صوبہ سندھ کے ایک گاؤں سے فرار ہو کر انڈیا پہنچنے والے ایک اور جوڑے کو انڈیا کی بارڈر سکیورٹی فورس کے اہلکاروں نے حراست میں لے لیا ہے۔
انڈین میڈیا کے مطابق پولیس نے بتایا ہے کہ پیر کی علی الصبح تقریباً دو بج کر 50 منٹ پر بی ایس ایف اہلکاروں نے پاکستان سے متصل سرحد کے انڈین حصے میں دونوں کو دیکھا۔
بی ایس ایف نے انہیں منگل کی صبح تقریباً 4 بجے کَچھ (ایسٹ) کے بالا سار پولیس سٹیشن کے حوالے کردیا۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق پولیس نے بتایا کہ جوڑے نے اپنی شناخت 24 سالہ پوپت کمار ناتھو بھیل اور 20 سالہ گوری گلاب بھیل کے ناموں سے کرائی ہے تاہم دونوں کوئی شناختی دستاویز پیش نہیں کر سکے۔
تفتیشی افسر کے مطابق ان کے پاس صرف پاکستانی 100 روپے تھے۔
پولیس کے مطابق ’جوڑے کا دعویٰ ہے کہ وہ ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں مگر دونوں کا خاندان اس رشتے کے خلاف ہے۔‘
بی ایس ایف کی جانب سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں نے بتایا ہے کہ وہ پاکستان کے صوبہ سندھ کے ضلع تھرپارکر کے ایک گاؤں کے رہائشی ہیں۔
پولیس کے مطابق دونوں کو بھُج شہر کے جوائنٹ انٹرروگیشن سینٹر منتقل کیا جائے گا جہاں سکیورٹی ایجنسیاں ان سے پوچھ گچھ کریں گی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل آٹھ اکتوبر کو بی ایس ایف نے ایک پاکستانی جوڑے کو انڈین گجرات کے رتن پار گاؤں سے حراست میں لیا گیا تھا۔
دونوں نے بتایا تھا کہ وہ پاکستان کے ضلع تھرپارکر کے علاقے اسلام کوٹ کے رہائشی ہیں اور ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں۔ خاندان والوں کی جانب سے رشتہ منظور نہ ہونے پر انھوں نے انڈیا فرار ہونے کا فیصلہ کیا۔
