انسداد سائبر کرائم، رائے عامہ اکسانے کے الزام میں چھ افراد کے خلاف تحقیقات
جمعرات 27 نومبر 2025 20:25
تحقیقات مکمل ہونے کے بعد انہیں عدالت کا سامنا کرنا ہوگا۔(فوٹو؛ اخبار 24
سعودی جنرل اتھارٹی آف میڈیا ریگولیشن نے 6 افراد کو انسداد سائبر کرائم کے قانون کے تحت پراسیکیوشن کے حوالے کردیا، ان پر رائے عامہ کو اکسانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق اتھارٹی نے تصدیق کی کہ ملزمان کے خلاف کیس مزید تحقیقات کے لیے پراسیکیوشن کو ارسال کردیا گیا جہاں سے تحقیقات مکمل ہونے کے بعد انہیں عدالت کا سامنا کرنا ہوگا۔
اتھارٹی نے زور دیا کہ کسی بھی ایسے میڈیا مواد کو برداشت نہیں کیا جائے گا جس سے امن عامہ کو نقصان پہنچے یا جس سے میڈیا کے ضوابط کی خلاف ورزی ہو۔
سائبرکرائم کے قانون کی شق نمبر 6 کے تحت جو بھی مقامی قوانین، مذہبی اقدار، ادابِ عامہ اور کسی کی بھی نجی زندگی کو نقصان پہنچانے کی غرض کوئی ایسا مواد تیار کرے، سٹور یا انٹرنیٹ سے سٹور کرے یا فارورڈ کرے سائبرکرائم کے تحت اسے 5 برس قید یا 30 لاکھ ریال جرمانے کی سزا ہوگی، دونوں سزائیں بیک وقت بھی دی جاسکتی ہیں۔
