Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مقامی طور پر تیار ہونے والے دو سعودی سیٹلائٹس کی کامیاب لانچنگ

سعودی خلائی ایجنسی نے کہا ہے کہ سعودی سیٹلائٹس ’روضہ سكوپ‘ اور ’افق‘ کی کامیاب لانچنگ ہو گئی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق دونوں سیٹلائٹس ام القرى یونیورسٹی اور پرنس سلطان یونیورسٹی کے طلبہ نے ’ساری‘ مقابلے کے تحت تیار کیے جو چھوٹے مصنوعی سیاروں کے ڈیزائن اور تیاری کا علمی و سائنسی پروگرام ہے۔
دونوں سیٹلائٹس بین الاقوامی مشن کے ساتھ خلا کی جانب روانہ ہوئے جو قومی سنگِ میل ہے اور سعودی عرب کے اس وژن کی عکاسی کرتا ہے جس کا مقصد قومی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا اور خلائی علوم و اختراع کے میدان میں قیادت حاصل کرنا ہے۔
یہ لانچنگ طویل اور جامع مقابلے کا نتیجہ ہے جس میں 42 سعودی جامعات کے 480 سے زائد طلبہ پر مشتمل ٹیموں نے حصہ لیا۔
یہ ٹیمیں سخت سائنسی اور انجینیئرنگ معیارات کے مطابق چھوٹے مصنوعی سیاروں کے ڈیزائن میں ایک دوسرے سے سبقت لے جانے کے لیے کوشاں رہیں۔
مقابلے کا مقصد طلبہ کو سیٹلائٹ کے ڈیزائن، تیاری اور آپریشن کے عملی تجربے فراہم کرنا اور انہیں علوم، ٹیکنالوجی، انجینیئرنگ اور ریاضی کے شعبوں میں مہارت دلانا تھا تاکہ مستقبل میں خلائی شعبے کی قومی قیادت سنبھالنے کے لیے ماہر نسل تیار کی جا سکے۔
پرنس سلطان یونیورسٹی کی ٹیم ’روضہ سكوپ‘ نے ایسا سیٹلائٹ تیار کیا جو کم توانائی استعمال کرنے والی انٹرنیٹ آف تھنگز ٹیکنالوجی پر مبنی ہے جس کا مقصد ماحولیاتی پہل کاریوں کی معاونت اور دور دراز علاقوں میں پائیدار کمیونی کیشن کو بہتر بنانا ہے۔
دوسری جانب جامعہ ام القرى کی ٹیم نے ’افق‘ سیٹلائٹ تیار کیا جو خلائی موسم کی نگرانی اور شمسی تابکاری کے اثرات کو درست وقت اور نیویگیشن کے نظام پر جانچنے کے لیے وقف ہے۔
دونوں منصوبے مملکت کی ترقی اور سائنسی اختراع کے لیے خلائی ٹیکنالوجی کے وسیع استعمال میں اہم کردار ادا کریں گے۔
 

شیئر: