سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق بزنس فورم کا اہتمام وزارت توانائی و سرمایہ کاری کی جانب سے کیا گیا تھا۔
سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اوردونوں ممالک کے اعلی حکام، ماہرین اور سرمایہ کاروں نے شرکت کی۔
فورم کا مقصد مملکت اور روسی فیڈریشن کے درمیان اقتصادی تعاون کو فروغ دینا ہے۔
افتتاحی اجلاس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان ماحولیاتی تبدیلی اور گلوبل وارمنگ کی وجہ بننے والی گیسوں کے کم اخراج کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے(فوٹو: ایس پی اے)
جس کا مقصد دونوں ممالک کے مابین موسمیاتی تبدیلی کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے جامع فریم ورک قائم کرنا اور اقوام متحدہ کے ماحولیاتی تبدیلی کے کنونشن و پیرس معاہدے کے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے کوششوں کو تیز کرنا ہے۔
علاوہ ازیں کنگ عبدالعزیز فاونڈیشن اور روسی فیڈریشن کی وفاقی آرکائیوز ایجنسی کے مابین متعلقہ شعبوں میں تعاون اور تبادلے کے معاہدے پر بھی دستخط ہوئے، جس کے تحت کانفرنسز، سیمینار اور نمائشوں کے انعقاد کے علاوہ لٹریچر کا تبادلہ بھی کیا جائے گا۔