Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’غیرملکیوں کو سوشل میڈیا گروپس سے نکالنے‘ کی ہدایت، حقیقت کیا ہے؟

جعلی نوٹیفکیشن میں سوشل میڈیا گروپس کے ایڈمنز کے خلاف کاروائی کی تنبیہ کی ہے (فائل فوٹو: پکسابے)
مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کا ایک مبینہ نوٹیفکیشن وائرل ہے جس میں غیرملکی افراد کو سوشل میڈیا گروپس سے نکالنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اس وائرل نوٹیفکیشن میں پی ٹی اے کی جانب سے کہا گیا تھا کہ ’موجودہ ملکی سکیورٹی صورت حال اور آن لائن صارفین کے ڈیٹا کو مدنظر رکھتے ہوئے ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ تمام سوشل میڈیا گروپس جو پاکستان کے اندر سے چلائے جا رہے ہیں، ان میں موجود غیرملکی ممبران کو نکالا جائے۔‘
اس نوٹیفکیشن میں مزید یہ بھی لکھا گیا تھا کہ ’ان ہدایات پر عمل نہ کرنے والے گروپ ایڈمن کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔‘
دوسری جانب پی ٹی اے نے اس نوٹیفکیشن کو جعلی قرار دیتے ہوئے ایک وضاحتی بیان جاری کیا ہے۔
پی ٹی اے نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ ’سوشل میڈیا پر ایک جعلی نوٹیفکیشن گردش کر رہا ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پی ٹی اے نے سوشل میڈیا گروپ ایڈمنز کو غیرملکی ممبران کو نکالنے کی ہدایت جاری کی ہے، جو کہ مکمل طور پر غلط ہے۔‘
پی ٹی کا مزید کہنا تھا کہ ’پی ٹی اے نے ایسی کوئی ہدایت جاری نہیں کی۔ عوام سے گزارش ہے کہ غیرتصدیق شدہ معلومات شیئر کرنے سے گریز کریں اور مستند اپڈیٹس کے لیے صرف پی ٹی اے کے سرکاری ذرائع پر بھروسہ کریں۔‘

شیئر: