ریاض فلسفہ فورم کا آغاز، بین الاقوامی مفکروں کی شرکت
جمعرات 4 دسمبر 2025 19:01
مشرق اور مغرب کے فلسفے کے ارتقا پر غور کیا جائے گا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی’لٹریچر، پبلشنگ اور ٹرانسلیشن کمیشن‘ نے ’ریاض انٹرنیشنل فلاسفی کانفرنس‘ کا اہتمام کیا ہے جو جمعرات کو شروع ہوئی اور چھ دسمبر تک جاری رہے گی۔
اس کانفرنس کا موضوع ہے ’مشرق و مغرب کے درمیان فلسفہ: تصورات، آغاز اور اس کے ایک دوسرے پر اثرات‘۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اس سے پہلے اس نوعیت کی چار کانفرنسیں ہو چکی ہیں جبکہ پانچویں کانفرنس ایک بین الاقوامی پلیٹ فارم کا کام کرتے ہوئے دنیا بھر سے مفکرین اور ماہرین کو ایک جگہ اکٹھا کر رہی ہے۔
اس سال کی تقریب میں مشرق اور مغرب کے فلسفے کے ارتقا اور اس کے آغاز پر غور کیا جائے گا، دونوں نقطۂ ہائے نظر کا ایک دوسرے پر اثر اور آج کے زمانے کے ان رجحانات کا جائزہ لیا جائے گا جو ثقافتوں کے مابین مکالمے کو پروان چڑھاتے ہیں۔
کانفرنس کے سیشنز میں عالمی سکالر اپنا اپنا کلیدی زاویۂ نگاہ پیش کریں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ عملی ورکشاپس، شپیلائزڈ پینلز بھی ہوں گے جبکہ انٹرایکٹیو مذاکرے میں بچوں کے لیے’مستقبل کے فلاسفر‘ اور عام افراد کے لیے ’فلسفہ 101‘ جیسے گفتگو کے سلسلے ہوں گے۔

کانفرنس میں تجرباتی سرگرمیاں شامل ہوں گی جن میں ’دنیا میں فلسفہ‘ اور ’خیال کا سفر‘ جیسے موضوعات تقریب میں تخلیقی جہتوں کا اضافہ کریں گے۔
بین الاقوامی جامعات اور تحقیقی سینٹر بھی اس کانفرنس کے کچھ سیشنز کی مرحلہ وار میزبانی کریں گے اور ایک متنوع نقطۂ ہائے نظر پیش کریں گے جبکہ ورکشاپس کے ذریعے تنقیدی فکر کو فروغ ملے گا۔

کانفرنس کے اہم مرحلے میں بنیادی موضوعات مشرق اور مغرب کے باہمی تعامل اور فلسفے کے عالمی سطح پر تبادلے کے وسیع ہوتے ہوئے مواقع پر توجہ مرکوز کریں گے۔
یہ کانفرنس فلسفے کو تقویت دے گی اور غیر مغربی روایات کو نمایاں کرنے کے ساتھ ساتھ دورِ حاضر کے دانشورانہ چیلینجز سے نمٹنے کے لیے مکالمے کی ضرورت کو فروغ دے گی۔
