شارجہ پولیس کی کوششیں کامیاب ، 12 برس بعد ماں ، بیٹے کی ملاقات
ماں بیٹے کی جدائی 2013 میں ہوئی تھی۔ (فوٹو الامارات الیوم)
شارجہ پولیس کے سماجی خدمت ادارے کی کوششیں رنگ لے آئیں ۔ 12 برس قبل بچھڑنے والی ماں کو بیٹے سے ملا دیا۔ خانگی اختلاف کی وجہ سے ماں بیٹے سے جدا ہوگئی تھی۔
امارات اخبار کے مطابق ماں بیٹے کی جدائی کا معاملہ سال 2013 میں اس وقت پیش آیا جب میاں بیوی میں اختلاف کی وجہ سے علیحدگی ہوگئی اور خاتون اپنے ملک چلی گئی۔
ایک طویل دوری اور بے خبری کے بعد خاتون اس نیت سے شارجہ آئی کہ کسی طرح لاپتا بیٹے سے ملے اور اسے دیکھے اس کا حال دریافت کرے۔ اس تمام عرصے میں ماں اور بیٹے کا کوئی رابطہ نہیں تھا اورخاتون کو یہ بھی معلوم نہیں تھا کہ اتنے عرصے بعد اب اس کا بیٹا کہاں اور کس شکل میں ہوگا۔
خاتون نے شارجہ پولیس کے سماجی خدمات کے شعبے سے رجوع کیا اور انہیں 12 برس پہلے کے حالات اور مقامات کے بارے میں بتایا۔
پولیس کے شعبہ سماجی خدمت کے اہلکاروں نے شب و روز کوشش و محنت کے بعد بالاخر اس لڑکے کا سراغ لگانے میں کامیابی حاصل کرلی جو 12 برس قبل اپنی والدہ سے جدا ہو گیا تھا۔
پولیس ٹیم نے خاتون کو مطلع کیا اور وہ دن بھی آگیا جب ماں اور بیٹا برسوں کی جدائی کے بعد ایک ہوئے جس میں شارجہ پولیس کی ٹیموں کا بہت اہم کردار رہا۔
