تین سعودی شہر یونیسکو کے عالمی تعلیمی شہروں کے نیٹ ورک میں شامل
’ریاض، العلا اور ریاض الخبراء نے عالمی نیٹ ورک میں شمولیت اختیار کی ہے‘ ( فوٹو: سبق)
اقوام متحدہ کی تنظیم برائے تعلیم، سائنس اور ثقافت ’یونیسکو‘ نے تین نئے سعودی شہروں کو عالمی تعلیم یافتہ شہروں کے نیٹ ورک میں شامل ہونے کی منظوری دی ہے۔
یہ اقدام سعودی عرب میں عمر بھر تعلیم کے نظام کو فروغ دینے اور تعلیم کو پائیدار ترقی کی ضروریات کے مطابق بنانے میں تیز رفتار پیشرفت کی عکاسی کرتا ہے۔
یونیسکو کی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق ’دارالحکومت ریاض، مدینہ منورہ کے علاقے العلا اور القصیم کے علاقے ریاض الخبرا نے عالمی نیٹ ورک میں شمولیت اختیار کی ہے‘۔
’یہ شہر بین الاقوامی معیار پر پورے اترتے ہیں جو زندگی کے مختلف شعبوں میں تعلیم کو ضم کرنے پر زور دیتے ہیں جیسے کہ سکول، کام کی جگہیں، عوامی سہولیات اور گھروں کا ماحول‘۔
یونیسکو نے کہا کہ ’شامل ہونے والے یہ شہر متحرک تعلیمی معاشروں کی نمائندگی کرتے ہیں جنہوں نے پیشہ ورانہ استعداد کی بحالی اور مہارتوں کو فروغ دینے کے مواقع فراہم کئے ہیں تاکہ جدید مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق رہ سکیں‘۔
’اس کے علاوہ، انہوں نے ابتدائی مراحل میں تعلیم سے محروم افراد کے لئے خواندگی کی مہارتیں بڑھانے، مختلف عمر کے شہریوں کو مصنوعی ذہانت کے دور کے تقاضوں کے مطابق ڈھالنے اور کاروباری سوچ و صلاحیت کو فروغ دینے میں کامیابی حاصل کی ہے‘۔
اس کامیابی کے ساتھ، سعودی عرب کے عالمی تعلیمی شہروں کے نیٹ ورک میں شامل شہروں کی تعداد بڑھ کر 8 ہو گئی ہے جن میں الجبیل، ینبع، مدینہ منورہ، الاحساء، کنگ عبد اللہ اکنامک سٹی اور نئے شامل ہونے والے ریاض، العلا، اور ریاض الخبراء شامل ہیں‘۔
یونیسکو نے تصدیق کی کہ یہ توسیع سعودی عرب کی جامع تعلیمی ماڈل کی کامیابی کی عکاسی کرتی ہے جو وژن 2030 کے اہداف سے ہم آہنگ ہے اور اعلیٰ معیار کے تعلیمی تجربات فراہم کرنے اور مسلسل تعلیم کی ثقافت کو فروغ دینے کی صلاحیت کو اجاگر کرتی ہے جسے انسانی اور اقتصادی ترقی کی بنیادی ستون کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔