برطانیہ میں سابق ڈاکٹر پر 38 مریضوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے الزامات عائد
یہ الزامات رائل سٹوک یونیورسٹی ہسپتال اور رسلز ہال ہسپتال میں مبینہ جنسی جرائم کی تحقیقات کے بعد سامنے آئے ہیں (فائل فوٹو: روئٹرز)
برطانیہ کے شہر برمنگھم سے تعلق رکھنے والے سابق ڈاکٹر نیتھنیئل سپینسر پر الزام ہے کہ وہ 2017 سے 2021 کے درمیان جنسی زیادتی کے درجنوں واقعات میں ملوث تھے جن میں کچھ ایسے بھی شامل ہیں جو 13 سال سے کم عمر بچوں کے ساتھ تھے۔
برطانوی اخبار گارڈین کے مطابق کراؤن پراسیکیوشن سروس کے ڈپٹی چیف پراسیکیوٹر بین سیمپلز نے کہا کہ ’ہمارے پراسیکیوٹرز نے سٹافورڈ شائر پولیس کی جانب سے کی جانے والی تفصیلی اور پیچیدہ تحقیقات میں بھرپور تعاون کیا، دستیاب شواہد کا بغور جائزہ لیا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ مقدمہ چلانے کے لیے کافی ثبوت موجود ہیں اور عوامی مفاد میں فوجداری کارروائی کو آگے بڑھانا ضروری ہے۔‘
یہ الزامات رائل سٹوک یونیورسٹی ہسپتال اور رسلز ہال ہسپتال میں مبینہ جنسی جرائم کی تحقیقات کے بعد سامنے آئے ہیں۔
سپینسر 20 جنوری کو نارتھ سٹافورڈ شائر جسٹس سینٹر میں پیش ہوں گے۔ ان پر 45 الزامات عائد کیے جائیں گے جن میں 15 بار جنسی زیادتی، 17 بار جنسی حملہ، نو بار 13 سال سے کم عمر بچے کے ساتھ جنسی زیادتی، تین بار 13 سال سے کم عمر بچے پر جنسی حملہ اور دیگر الزامات شامل ہیں۔
کسی کو بھی اگر کوئی خدشات ہوں تو سٹافورڈ شائر پولیس سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
