ٹی20 ورلڈ کپ سے قبل ٹیم میں کیا تبدیلیاں ہوں گی؟ کپتان سلمان علی آغا نے بتا دیا
ٹی20 ورلڈ کپ سے قبل ٹیم میں کیا تبدیلیاں ہوں گی؟ کپتان سلمان علی آغا نے بتا دیا
اتوار 7 دسمبر 2025 16:19
سلمان علی آغا پاکستان کے ٹی20 سکواڈ کے کپتان ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کی ٹی20 کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹی20 ورلڈ کپ 2026 سے قبل قومی سکواڈ میں کسی بھی قسم کی بڑی تبدیلی کے امکان کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔
پی سی بی کے ساتھ ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کا کمبینیشن طے ہو چکا ہے اور کھلاڑیوں کو تسلسل کے ساتھ مواقع دے کر ورلڈ کپ کے لیے پراعتماد یونٹ تیار کیا جائے گا۔
ٹی20 ورلڈ کپ کا 10واں ایڈیشن سات فروری 2026 سے انڈیا اور سری لنکا میں شروع ہوگا تاہم پاکستان اپنی تمام میچز سری لنکا میں کھیلے گا۔ یہ فیصلہ آئی سی سی کی اُس ڈیل کے تحت کیا گیا ہے جس کے مطابق انڈیا اور پاکستان ایک دوسرے کے خلاف صرف نیوٹرل وینیوز پر کھیلیں گے۔
پاکستان نے حالیہ مہینوں میں سکواڈ میں مختلف کمبینیشن آزمائے جن میں لیفٹ آرم پیسر سلمان مرزا، سابق کپتان بابر اعظم کی ٹی20 سکواڈ میں واپسی، فاسٹ بولر نسیم شاہ اور آل راؤنڈرز صائم ایوب، محمد نواز اور فہیم اشرف شامل ہیں۔
سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ ’ہمارے کھلاڑیوں کے رولز (کردار) واضح ہیں۔ اگلے چھ میچوں میں اسی پلیئنگ الیون اور انہی رولز کو تسلسل کے ساتھ موقع دینا ضروری ہے تاکہ ورلڈ کپ میں بھرپور اعتماد کے ساتھ جائیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم کی تیاری کئی ماہ سے اسی ہدف کو سامنے رکھ کر جاری تھی ’مجھے نہیں لگتا کہ کوئی بڑی تبدیلی ہوگی کیونکہ پچھلے چھ سے سات مہینوں سے ہم ورلڈ کپ کو مدِنظر رکھ کر ہی پریکٹس اور کھلاڑیوں کا انتخاب کرتے رہے ہیں۔‘
پاکستان آئندہ سری لنکا کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ٹی20 سیریز کھیلے گا جس کے بعد ٹیم ورلڈ کپ میں شرکت کرے گی۔
پاکستان ٹیم نے حالیہ عرصے میں وائٹ بال کرکٹ میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ ستمبر میں پاکستان نے افغانستان اور یو اے ای کے خلاف سہ فریقی ٹی20 ٹورنامنٹ جیتا جب کہ اسی ماہ سلمان علی آغا کی قیادت میں ایشیا کپ کے فائنل تک رسائی حاصل کی جس میں انہیں انڈیا کے ہاتھوں شکست ہوئی۔ بعد ازاں پاکستان نے سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم ٹی20 سیریز میں کامیابیاں اپنے نام کیں۔