Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین کرکٹر محمد سراج کئی گھنٹے تک ایئر پورٹ میں کیوں پھنسے رہے؟

محمد سراج نے کہا بارہا رابطہ کرنے کے باوجود ایئرلائن نے تاخیر کی کوئی وجہ نہیں بتائی (فوٹو: گیٹی)
انڈین کرکٹر اور فاسٹ بولر محمد سراج اس وقت کئی گھنٹے تک ایئر پورٹ میں پھنس گئے جب ان کی پرواز تاخیر کا شکار ہو گئی۔
بدھ کی رات کو کرکٹر نے ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ کرتے ہوئے بتایا کہ وہ چار گھنٹے تک گوہاٹی ایئرپورٹ میں دیگر کئی مسافروں کے ہمراہ فلائٹ کے انتظار میں رہے۔
محمد سراج نے ایئر لائن کو ٹیگ کرتے ہوئے ایکس پوسٹ میں لکھا کہ ’گوہاٹی سے حیدرآباد جانے والی ایئر انڈیا ایکسپریس کی پرواز آئی ایکس2884 جو شام سات بج کر 25 منٹ پر روانہ ہونا تھی طے شدہ وقت پر نہ صرف روانہ نہیں ہوئی بلکہ ایئرلائن کی جانب سے مسافروں کو تاخیر کی کوئی واضح اطلاع بھی نہیں دی گئی۔‘
محمد سراج کے مطابق وہ اور دیگر مسافر چار گھنٹے تک کمپنی کی جانب سے تاخیر کی بغیر کسی اطلاع کے ایئرپورٹ پر پھنسے رہے۔
ان کا ایکس پوسٹ میں کہنا تھا کہ ’بارہا رابطہ کرنے کے باوجود ایئرلائن نے تاخیر کی کوئی وجہ نہیں بتائی۔‘
انہوں نے اسے ’انتہائی مایوس کن‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’ مسافروں کا یہ بنیادی حق ہے کہ انہیں کم از کم معلومات تو فراہم کی جانی چاہیے۔ چار گھنٹے کی تاخیر کے باوجود کوئی اپ ڈیٹ نہیں دی گئی، جس کی وجہ سے ہم گھنٹوں تک پھنسے رہے۔‘
محمد سراج کا مزید کہنا تھا کہ ’ہوائی سفر کا یہ بدترین تجربہ ہے، یہ لوگ کوئی وجہ تک نہیں بتا سکتے، میں کسی کو بھی یہ فلائٹ لینے کا مشورہ نہیں دوں گا۔‘
بعد ازاں ’ایئر انڈیا ایکسپریس‘ نے کرکٹر کو جواب دیتے ہوئے معذرت کی اور بتایا کہ پرواز کو ’غیر متوقع تکنیکی و آپریشنل وجوہات‘ کی بنا پر منسوخ کیا گیا ہے۔ ایئرلائن نے کہا کہ ایئرپورٹ پر موجود ان کی ٹیم مسافروں کی ضروری معاونت کر رہی ہے۔
ایئرلائن کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ’آپ سب کو ہونے والی تکلیف پر دلی افسوس ہے۔ پرواز غیر متوقع آپریشنل وجوہات کی وجہ سے منسوخ کی گئی۔ ہماری ٹیم تمام مسافروں کی مدد کے لیے موجود ہے اور آپ کے صبر و تحمل کی قدر کرتی ہے۔‘

شیئر: