Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیٹ فلکس کی جانب سے وارنر بروز کی خریداری پر مسئلہ ہو سکتا ہے: صدر ٹرمپ

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیٹ فلکس کی جانب سے ہالی وڈ سٹوڈیو کی بڑی کمپنی ’وارنر بروز‘ کو خریدنے کی کوشش پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سٹریمنگ پلیٹ فارم کے پاس پہلے ہی ’مارکیٹ کا بہت بڑا شیئر ہے‘ اور ’یہ ایک مسئلہ بن سکتا ہے۔‘
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اتوار کی شام صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’میں اس فیصلے میں شامل ہوں گا۔‘
کینیڈی سینٹر آنرز میں ایوارڈز کی تقریب میں آتے ہوئے امریکی صدر نے اس معاہدے کے حوالے سے گفتگو کی جس میں نیٹ فلکس لگ بھگ 83 ارب ڈالر میں وارنر بروز کو خرید رہا ہے۔
اس معاہدے پر ہالی وڈ کے بڑے ناموں نے خدشات ظاہر کیے ہیں اور مسابقتی حوالوں سے بھی تحفظات سامنے آئے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے نیٹ فلکس کے شریک سی ای او ٹیڈ سرینڈوس کی تعریف بھی کی جو حال ہی میں وائٹ ہاؤس آئے تھے۔ امریکی صدر نے کہا کہ ’اس نے فلموں کی تاریخ میں سب سے بڑا کام کیا ہے۔‘
اگر اپنی موجودہ شکل میں یہ معاہدہ مکمل ہو گیا تو نیٹ فلکس مسابقتی سٹریمنگ پلیٹ فارم ایچ بی او میکس اور وارنر بروز سٹوڈیو کا مالک بن جائے گا۔ اس کمپنی نے دہائیوں کی تاریخ میں ’کاسابلانکا‘ اور ’سٹیزن کین‘ سمیت کئی کلاسک فلمیں بنائیں۔ اور ماضی قریب میں ’باربی‘ جیسے بلاک بسٹرسینما کو دیے۔
وانر بروز کی خریداری نیٹ فلکس کو ایک وسیع کیٹلاگ فراہم کرے گی جس میں مواد کی ایک وسیع قطار ہے جس میں ہیری پوٹر فلمیں، لارڈ آف دی رِنگز ساگا، اور ڈی سی سٹوڈیو کے سُپر ہیروز بیٹ مین، سپرمین اور ونڈر وومن شامل ہیں۔

نیٹ فلکس اس وقت دنیا کا سب سے بڑا ویڈیو سٹریمنگ پلیٹ فارم سمجھا جاتا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

اگر یہ معاہدہ ہو جاتا ہے تب بھی نیٹ فلکس کو ڈسکوری اور سی این این جیسے ٹیلی ویژن چینلز نہیں ملیں گے۔ ان دونوں چینلز کو معاہدے سے پہلے ہی وارنر بروز سے الگ کر دیا جائے گا۔
وارنر بروز کی پیرنٹ کمپنی ڈسکوری نے خود کو اکتوبر میں اس وقت فروخت کے لیے پیش کیا جب کئی اطراف سے پیشکش کی گئی۔ اُس وقت کمپنی نے آفرز وصول کرتے ہوئے کیبل آپریٹر کام کاسٹ اور میڈیا گروپ پیراماؤنٹ سکائی ڈانس کو پیچھے چھوڑ دیا تھا۔
پیراماؤنٹ کمپنی کے سربراہ ڈیوڈ ایلیسن صدر ٹرمپ کے بڑے حمایتیوں میں سے ہیں۔

 

شیئر: