Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لندن کے تاریخی لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں پاکستان سپر لیگ کا روڈ شو

محسن نقوی نے مظفرآباد اور اسلام آباد میں کرکٹ سٹیڈیمز بنانے کا اعلان کیا (فوٹو: پی سی بی)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11 ویں ایڈیشن سے قبل لندن کے تاریخی لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں روڈ شو منعقد ہوا جس میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سمیت دیگر نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔
روڈ شو میں کئی سابق اور موجودہ کرکٹرز شریک ہوئے جن میں وسیم اکرم، رمیز راجہ، بابر اعظم، حارث رؤف اور صاحبزادہ فرحان شامل تھے۔
روڈ شو میں گلوکار علی ظفر سمیت عالمی سرمایہ کاروں، کمرشل پارٹنرز نے بھی شرکت کی۔
اس موقعے پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے پینل ڈسکشن میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ایچ بی ایل پی ایس ایل کو نمبر ون لیگ بنانا اولین ترجیح ہے، اپنے کھلاڑیوں پر دل کھول کر انویسٹ کررہے ہیں۔‘
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے مظفرآباد اور اسلام آباد میں کرکٹ سٹیڈیمز بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’پی ایس ایل کے دوران ہر ہفتے میوزیکل کانسرٹس کروائے جائیں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم امریکہ کے شہر نیویارک میں بھی کرکٹ روڈ شو کرنے جا رہے ہیں، ہم بہت جلد او ٹی ٹی پلیٹ فارم فراہم کریں گے، ہر قسم کے چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے ہم نے کرکٹ کی بہتری کے لیے کام کیا، میرے لیے پاکستان سب سے پہلے ہے، پی ایس ایل میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو خاطر خواہ فائدہ ملتا ہے۔‘
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ’پاکستان سپر لیگ میں نوجوان ٹیلنٹ کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے کا موقع ملتا ہے، کھلاڑیوں کو ملنے والے انعامات سے ان کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔‘

روڈ شو میں بابر اعظم، حارث رؤف اور صاحبزادہ فرحان بھی شامل تھے (فوٹو: پی سی بی)

لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں پی ایس ایل روڈ شو کا انعقاد ایک تاریخی کامیابی ہے، آج کھیل سفارت کاری کا کردار ادا کر رہے ہیں۔‘
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سٹار بیٹر بابر اعظم نے پینل ڈسکشن میں کہا کہ ’بڑے کرکٹرز کے ساتھ کھیل کر بہت کچھ سیکھنے کو ملا، بڑے کھلاڑیوں نے ہمیشہ میری اچھی رہنمائی کی، سینیئر کھلاڑی اپنے اندر اکیڈمی کا درجہ رکھتے ہیں۔‘

صاحبزادہ فرحان کہتے ہیں ڈومیسٹک کرکٹ کھیل کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے (فوٹو: پی سی بی)

انہوں نے کہا کہ ’نوجوان کھلاڑیوں کو اپنے تجربات سے آگاہ کرتا ہوں، پی ایس ایل کا کامیاب انعقاد پاکستان کرکٹ کی بڑی کامیابی ہے۔‘
کرکٹر صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ ’ڈومیسٹک کرکٹ کھیل کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے، پی ایس ایل آپ کے کھیل کو نکھارتی ہے جہاں انٹرنیشنل پلیئرز سے سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔‘
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے پینل ڈسکشن میں کہا کہ ’پی ایس ایل ہماری زندگی کا حصہ ہے، ایچ بی ایل پی ایس ایل نے میرے زندگی کو ایک نیا موڑ دیا، پاکستان کے لیے کھیلنا باعث فخر ہے۔‘

شیئر: