انڈیا کی سب سے بڑی ایئرلائن انڈیگو کے آپریشنز ’دوبارہ معمول پر آ گئے‘
انڈیا کی سب سے بڑی ایئرلائن انڈیگو کے آپریشنز ’دوبارہ معمول پر آ گئے‘
منگل 9 دسمبر 2025 16:14
انڈیا کی سب سے بڑی ایئرلائن ’انڈیگو‘ نے کہا ہے کہ ان کے آپریشنز اب مستحکم ہو کر معمول پر آ گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق انڈیگو نے گزشتہ دنوں اپنی ہزاروں فلائٹس منسوخ ہونے اور اور مسافروں کی شکایات کے بعد منگل کو یہ بات کہی ہے۔
انڈیگو نے اپنے بیان میں کہا کہ ’ہماری بروقت کارگردگی دوبارہ معمول کی سطح پر آ گئی ہے اور ہم منگل کو 1800 سے زیادہ جبکہ بدھ کو 1900 پروازوں کا منصوبہ رکھتے ہیں۔
دوسری جانب انڈیا کے شعبہ ہوابازی کے نگراں محکمے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) نے انڈیگو سے اپنی طے شدہ پروازوں میں پانچ فیصد کمی کرنے کو کہا ہے کیونکہ ’اس ایئرلائن نے ان شیڈول پروازوں کو بہتر طریقے سے آپریٹ کرنے کی اپنی صلاحیت ظاہر نہیں کی ہے۔‘
پچھلے ہفتے انڈیا بھر کے ایئرپورٹس کو مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑا تھا اور انڈیگو نے نئے قوانین کو اپنانے میں ’غلط فہمی اور منصوبہ بندی کے خلا‘ کا اعتراف بھی کیا تھا۔
نئے قوانین کا اطلاق گزشتہ ماہ ہوا تھا جس کا مقصد مسافروں کی حفاظت کو بڑھانے کے لیے پائلٹس کو مزید آرام کا وقفہ دینا تھا۔
انڈیا کے شہری ہوابازی کے وزیر رام موہن نائیڈو نے منگل کو پارلیمنٹ کو بتایا کہ اس خلل کی ’تفصیلی تحقیقات‘ شروع ہو گئی ہیں۔
یہ بحران کم بجٹ کی ایئرلائن انڈیگو کو درپیش سب سے بڑے چیلنجز میں سے ایک ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
رام موہن نائیڈو نے کہا کہ ’ کسی بھی ایئرلائن کو چاہے وہ بڑی ہو، منصوبہ بندی میں ناکامی، عدم تعمیل یا قانونی دفعات کی عدم پابندی کے ذریعے مسافروں کو اس طرح کی مشکلات پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔‘
’سول ایوی ایشن میں حفاظتی اقدامات پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو سکتا۔‘
یہ بحران کم بجٹ کی ایئرلائن انڈیگو کو درپیش سب سے بڑے چیلنجز میں سے ایک ہے جس نے حالیہ برسوں میں وقت کی پابندی کے حوالے سے اپنی ساکھ بنائی ہے۔
انڈیا دنیا کی تیزی سے ترقی کرنے والی ایوی ایشن مارکیٹوں میں سے ایک ہے جہاں گزشتہ ماہ پہلی مرتبہ ایک دن میں پانچ لاکھ مسافروں نے سفر کیا۔