Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی کابینہ کا اجلاس، علاقائی سلامتی اور استحکام کے لیے عزم کا اعادہ

سعودی کابینہ نے علاقائی سلامتی اور استحکام ، تنازعات کے پرامن حل، انسانی امداد اور بین الثقافتی مکالمے کے حوالے سے سعودی عرب کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
کابینہ کا اجلاس منگل کو ریاض میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت ہوا جس میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دوست اور برادر ملکوں کے ساتھ حالیہ بات چیت اور رابطوں کا جائزہ لیا گیا۔
 اجلاس میں گورنمنٹ ٹیک میچورٹی انڈیکس 2025  میں عالمی سطح پر دوسری پوزیشن کے حصول کو ایک سنگ میل قرار دیا  گیا۔
ورلڈ بنک کے جاری کردہ انڈیکس میں بتایا گیا کہ ’سعودی عرب نے تمام ذیلی اشاریوں میں بہتر کارکردگی دکھائی ہے، مجموعی طور پر 99.64 فیصد سکور حاصل کیا اور اسے ’ویری ایڈوانس’ کیٹیگری میں رکھا گیا۔‘
اجلاس کے بعد وزیر اطلاعات سلمان الدوسری نے ایس پی اے کو بتایا ’کابینہ نے سعودی عرب اور قطر کے درمیان ہائی سپیڈ ریل لنک کے حوالے سے حال ہی میں کیے جانے والے معاہدے کو سراہا اور کہا ’اس معاہدے سے ٹرانسپورٹیشن کی سپورٹ اور سیاحت کے فروغ میں مدد ملے گی۔‘
کابینہ نے سعودی، بحرین رابطہ کونسل اور سعودی، قطری رابطہ کونسل کے حالیہ اجلاسوں کے نتائج کی بھی تعریف کی۔

اجلاس میں میڈ ان سعودی ایکسپو 2025 کے کامیاب انعقاد کو سراہا گیا (فوٹو: ایس پی اے)

اجلاس میں کہا گیا کہ ’اس طرح کے اجلاس برادر ملکوں کے درمیان تمام سطحوں پر دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بناتے ہیں۔’
کابینہ نے امریکہ کی جانب سے شام پرعائد پابندیاں ہٹانے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا، صدر ٹرمپ کے دورہ سعودی عرب کے دوران اس فیصلے کے اعلان اور سیزر ایکٹ کی منسوخی کے قانون پر دستخط تک ان کے مثبت کردار کی تعریف کی۔
اجلاس میں میڈ ان سعودی ایکسپو 2025 کے کامیاب انعقاد کو سراہا جس میں اس سال شام نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
 سعودی وزیر داخلہ کو ازبکستان کے ساتھ مطلوب افراد کی حوالگی کے معاہدے پر دستخط کا اختیار دیا گیا ، دیگر ملکوں کے ساتھ معاہدوں اور فیصلوں کی بھی منظوری دی گئی۔

 

شیئر: