مملکت اور امارات میں تین ہفتوں کے دوران سونے کے نرخوں میں کتنا اضافہ؟
اتوار 28 دسمبر 2025 21:45
بسکٹ اور سکوں کی طلب میں بھی کمی آئی ہے۔ (فوٹو الامارات الیوم)
سعودی عرب اور امارات میں دسمبر کے دوران سونے کے نرخوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ مملکت میں تین ہفتوں کے دوران مختلف قیراط میں41 ریال فی گرام تک اضافہ ہو چکا۔
الامارات الیوم کے مطابق دبئی اور شارجہ کی گولڈ مارکیٹ میں مجموعی طور پر تین ہفتوں کے دوران سونے کے مختلف قیراط میں 39.5 درھم تک اضافہ دیکھا گیا۔
امارات میں زیورات کے تاجروں کا کہنا ہے قیمتوں میں اضافے سے بسکٹس اور سکوں کی خریداری میں واضح کمی آئی ہے جبکہ زیورات کی فروخت میں محدود پیمانے پر بہتری ہے۔
نئے سال کی تقریبات کے باعث تحائف کے لیے زیورات کی خریداری جاری ہے۔
ا یک گولڈ جیولری شاپ کے مالک کا کہنا تھااس وقت مارکیٹ میں خریداری سست ہے۔ نئے سال کے سیزن کے باوجود زیورات کی طلب گزشتہ برس کے مقابلے میں کم ہے۔
سونے کی قیمتوں میں حالیہ کچھ ہفتوں سے ہونے والے اضافے کے بعد خریدار محتاط ہوگئے۔ وہ اس وقت سرمایہ کاری کے حوالے سے مزید سونا خریدنے یا فروخت کرنے سے گریز کررہے ہیں۔
سعودی گولڈ مارکیٹ میں اتوار 28 دسمبر کو 24 قیراط ایک گرام سونے کے نرخ 546.79 ریال، 22 قیراط 501.22 ریال اور 21 قیراط ایک گرام کے نرخ 478.44 ریال رہے۔
دبئی اور شارجہ کی گولڈ مارکیٹ میں ہفتے کے اختتام پر 24 قیراط ایک گرام کے نرخ 546.25 درھم، 22 قیراط کے نرخ 505.75 درھم اور 21 قراط ایک گرام کے نرخ 485 درھم ہوگئے۔
