سعودی عرب اور امارات میں سونے کے نرخ پھر بڑھنے لگے، خریداری میں کمی
سونے کے چھوٹے بسکٹس کی طلب میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ (فوٹو الامارات الیوم)
سعودی عرب میں ہفتے کے اختتام پر سعودی گولڈ مارکیٹ میں فی گرام نرخوں میں 5 سے 6 ریال اضافہ ہوا ہے۔
دبئی اور شارجہ کی گولڈ مارکیٹ میں گزشتہ دو ہفتوں کی مسلسل کمی کے بعد فی گرام سونے کے نرخوں میں 2 سے 3 درہم کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
الامارات الیوم اورعاجل کے مطابق تاجروں کا کہنا ہے سونے کی قیمتوں میں حالیہ اضافے نے نئے زیورات کی خریداری پر منفی اثر ڈالا ہے۔
سونے میں سرمایہ کاری کرنے والے بسکٹس کی خریداری میں دلچسپی لے رہے ہیں۔
سعودی مارکیٹ میں ہفتے کے اختتام پر 24 قیراط ایک گرام سونے کے نرخ 482.47 ریال رہے جبکہ گزشتہ ہفتے کے آغاز پر یہ نرخ 476 ریال تھے۔ 22 قیراط کے نرخ 442.27 اور 21 قیراط ایک گرام کے نرخ 422.17 ریال رہے۔
دبئی اور شارجہ کی گولڈ مارکیٹ میں 24 قیراط ایک گرام کے نرخ 3 درہم اضافے کے بعد 483.25 ہوگئے۔
22 قیراط کی قیمت 2.5 درہم اضافے کے بعد 447.75 درہم، 21 قیراط کے نرخ 2.25 درہم اضافے کے بعد 427 اور 18 قیراط کے نرخ 365.75 درہم ہوگئے اس میں 2 درہم کا اضافہ ہوا ہے۔
گولڈ اینڈ جیولری شوروم کے ڈائریکٹر نے بتایا سونے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے نئے زیورات کی فروخت کو محدود کردیا ہے تاہم سونے کے چھوٹے بسکٹس کی طلب میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔
گولڈ شاپ کے جنرل مینجر نے بتایا عالمی سطح پر غیر یقینی معاشی صورتحال اور گولڈ مارکیٹ میں نرخوں کے اتار چڑھاؤ کے باعث سرمایہ کاروں کو توقع ہے سونا مستقبل میں مزید مہنگا ہوسکتا ہے۔
