سعودی عرب اور امارات میں مسلسل دوسرے ہفتے سونے کی قیمتوں میں کمی
دبئی میں ایشیائی ممالک کے وزیٹرز سونے کے تحائف خرید رہے ہیں۔ (فوٹو الامارات الیوم)
سعودی عرب اور امارات میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل دوسرے ہفتے بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔ سعودی مارکیٹ میں ایک ہفتے کے دوران سونے کے فی گرام نرخوں میں 9 ریال کی کمی ہوچکی ہے۔
دبئی اور شارجہ کی گولڈ مارکیٹوں میں ایک ہفتے کے دوران 7.25 سے 9 درہم تک اور دو ہفتوں کے دوران سونے کی قیمت میں فی گرام 29.5 درھم کی کمی ہوئی ہے۔
امارات الیوم اور العربیہ کے مطابق عالمی سطح پر سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور قوت خرید میں کمی کے باوجود سعودی دارالحکومت ریاض کی گولڈ مارکیٹ میں روایتی زیورات اور سرمایہ کاری کے حوالے سے گولڈ بسکٹس کی خریداری کا رجحان ہے۔
مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے زیورات کی فروخت میں معمولی کمی دیکھنے میں آئی ہے جبکہ سونے کی بسکٹس اور کوائنز کی خریداری میں کسٹمر دلچسپی دکھا رہے ہیں۔
سعودی گولڈ مارکیٹ میں اتوار 2 نومبر 2025 کو 24 قیراط ایک گرام کے نرخ 482.69 ریال رہے جبکہ 22 قیراط کی قیمت 442.46 ریال اور 21 قیراط ایک گرام کے نرخ 422.35 ریال تک آگئے۔
امارات کی گولڈ مارکیٹ میں ہفتے کے اختتام پر 24 قیراط ایک گرام کے نرخ 9 درھم کی کمی کے بعد 481 درھم تک آگئے۔ 22 قیراط کی قیمت 445.25 درھم اور 21 قیراط ایک گرام کے نرخ 427 درھم ہوچکے ہیں۔
دبئی اور شارجہ کی گولڈ مارکیٹ کے ماہرین کا کہنا ہے گزشتہ ہفتے دیوالی اور قیمتوں میں کمی سے مارکیٹ میں زیورات کی خریداری میں نمایاں اضافہ ہوا۔
ایشیائی ممالک سے تعلق رکھنے والے وزیٹرز نے بڑی تعداد میں تحائف کے طور پر سونے کے زیورات خریدے۔
ایک گولڈ ایناڈ ڈائمنڈ جیولری کے سربراہ نے بتایا گزشتہ ہفتے مارکیٹ میں خریداری میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ اگر سونے کی قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرار رہا تو آنے والے دنوں میں خریداری بڑھ سکتی ہے۔
