Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سفری دستاویزات کی جانچ پڑتال، ایف آئی اے میں ’پری ڈیپارچر فیسلیٹیشن ڈیسک‘ قائم

سال 2025 میں 17 دسمبر تک 66 ہزار مسافروں کو آف لوڈ کیا گیا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے ملک بھر میں اپنے تمام زونل دفاتر میں فوری طور پر پری ڈیپارچر فیسلیٹیشن ڈیسک قائم کر دیے ہیں۔
اتوار کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں محسن نقوی نے بتایا کہ ’ان ڈیسکوں کے ذریعے بیرونِ ملک سفر کرنے والے مسافروں کو امیگریشن کے طریقۂ کار اور کلیئرنس سے متعلق رہنمائی اور معاونت فراہم کی جائے گی، تاکہ ان کا سفر مزید آسان اور بلا رکاوٹ بنایا جا سکے۔‘
ان پری ڈیپارچر فیسلیٹیشن ڈیسک پر بیرون ممالک سفر کرنے والے افراد ایئرپورٹ جانے سے قبل اپنے دستاویزات کی جانچ پڑتال کروا سکیں گے۔
وزیر داخلہ کے مطابق ’یہ سہولت مسافروں کو ذاتی طور پر، ہیلپ لائنز اور ای میل کے ذریعے دستیاب ہو گی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ان سہولت ڈیسکوں کی تفصیلات ہوائی اڈوں، سرحدی گزرگاہوں اور ایف آئی اے کی ویب سائٹ پر بھی فراہم کی جائیں گی۔‘
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ’اس اقدام کا مقصد بین الاقوامی مسافروں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا اور سفری عمل کو زیادہ شفاف اور مؤثر بنانا ہے۔‘
یاد رہے کہ یہ اقدام ایک ایسے وقت میں سامنے آرہا ہے جب پاکستان بھر کے ہوئی اڈوں سے مسافروں کو مبینہ طور پر آف لوڈ کرنے کے درجنوں واقعات سامنے آئے۔

انسانی سمگلنگ میں ملوث ایجنٹس اور مافیا کے خلاف مؤثر کارروائی کی ہدایت

اتوار کو محسن نقوی نے ایف آئی اے کے کراچی زون کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ایف آئی اے کراچی زون اور ساوتھ زون کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے منی لانڈرنگ میں ملوث مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ’بڑے منی لانڈرز پر مضبوط ہاتھ ڈالا جائے اور منی لانڈرنگ میں ملوث عناصر کی مکمل منی ٹریل کو بے نقاب کیا جائے۔‘
انہوں نے واضح کیا کہ حوالہ اور ہنڈی کا کاروبار کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور اس حوالے سے بلا امتیاز کارروائی نظر آنی چاہیے۔‘
محسن نقوی نے انسانی سمگلنگ میں ملوث ایجنٹس اور مافیا کے خلاف مؤثر کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ’معصوم لوگوں کو ملازمت کا جھانسہ دے کر بیرونِ ملک بھجوانے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔‘ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ کسی دباؤ کے بغیر ایجنٹس مافیا کے خلاف کارروائی کی جائے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے جعلی ادویات کے کاروبار پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’جعلی ادویات کا دھندا کرنے والے انسانی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں، ایسے مکروہ کاروبار میں ملوث عناصر کو فوری طور پر قانون کی گرفت میں لایا جائے۔‘

محسن نقوی نے منی لانڈرنگ میں ملوث مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم دیا (فائل فوٹو: اے ایف پی)

محسن نقوی نے کہا کہ ’ایف آئی اے کراچی زون میں انسانی وسائل کی کمی کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا۔‘ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ایف آئی اے افسران کو تمام ضروری وسائل فراہم کیے جائیں گے، تاہم افسران کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی کارکردگی سے ادارے کی نیک نامی میں اضافہ کریں۔
اجلاس کے دوران دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ چار ماہ کے دوران انسانی سمگلنگ میں ملوث 20 ایجنٹس کو گرفتار کیا گیا ہے، جبکہ 140 ملین روپے مالیت کی نان کسٹم مصنوعات اور منشیات ضبط کی گئی ہیں۔ بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ مسافروں کی سہولت کے لیے کراچی ایئرپورٹ پر سہولت سنٹر قائم کر دیا گیا ہے۔

شیئر: