Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایف آئی اے کو منی لانڈرنگ کرنے والوں کے خلاف ’جامع کریک ڈاؤن‘ کی ہدایت

وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے کراچی زون کا دورہ کیا۔ فائل فوٹو: اے پی پی
پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی نے انسانی سمگلرز اور منی لانڈرنگ کرنے والوں کے خلاف ’جامع کریک ڈاؤن‘ کی ہدایت کی ہے۔
اتوار کو وزارت داخلہ سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق کارروائیوں کا مقصد مالی کرپشن اور غیرقانونی مائیگریشن کو روکنے کے لیے حکومت کوششوں کو تیز کرنا ہے۔
وزیر داخلہ کی جانب سے یہ ہدایات وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے کراچی زون کے دورے کے موقع پر سامنے آئیں جہاں انہوں نے محکمے کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کی۔
بیان کے مطابق ’وزیر داخلہ محسن نقوی نے منی لانڈرنگ مافیا کے خلاف ایک جامع کریک ڈاؤن کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ منی لانڈرنگ کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے۔‘
انہوں نے ہدایت کی کہ منی لانڈرنگ میں ملوث افراد کی پوری منی ٹریل کو بے نقاب کیا جائے۔
پاکستان میں اگست 2025 سے ایف آئی اے غیرقانونی کرنسی ڈیلرز کو نشانہ بنا رہی ہے۔
یہ ڈیلرز ہنڈی اور حوالہ کے ذریعے سرکاری بینکنگ چینلز کو بائی پاس کرتے ہوئے رقم کی منتقلی کا کام کرتے ہیں۔
حکومت نے یہ کریک ڈاؤن روپے کی قدر میں تیزی سے گراوٹ کے خدشات کے بعد شروع کیا تھا۔ اگست میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپیہ 22 ماہ کی کم ترین سطح پر آ گیا تھا۔
اگرچہ عام طور پر حوالہ اور ہنڈی کو ترسیلات زر کے لیے استعمال کیا جاتا ہے لیکن رقم کی غیررسمی منتقلی کے اس نظام کے ذریعے منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کا بھی خدشہ رہتا ہے۔
وزارت داخلہ کے بیان میں مزید کہا گیا کہ محسن نقوی نے انسانی سمگلنگ میں ملوث ایجنٹ مافیا کے خلاف موثر کارروائی کا بھی حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ لوگوں کو بیرون ملک ملازمت کے جھوٹے وعدوں سے دھوکہ دینے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

گزشتہ چار ماہ کے دوران کروڑوں روپے مالیت کی نان کسٹم پیڈ اشیا ضبط کی گئیں۔ فائل فوٹو: اے پی پی

وفاقی وزیر نے کہا کہ ایف آئی اے کراچی زون میں انسانی وسائل کی کمی کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا۔
بریفنگ کے دوران وفاقی وزیر داخلہ کو بتایا گیا کہ گزشتہ چار ماہ کے دوران انسانی سمگلنگ میں ملوث 20 ایجنٹوں کو گرفتار کیا گیا ہے، اور 140 ملین روپے مالیت کی نان کسٹم پیڈ اشیا اور منشیات ضبط کی گئیں۔
بیان میں کہا گیا کہ وزیر داخلہ نے انچارج افسران سے ان کے متعلقہ شعبوں کے حوالے سے کارکردگی رپورٹ طلب کی اور انہیں مزید تندہی سے کام کرنے کی ہدایت کی۔

 

شیئر: