Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اتوار کو کولمبو میں بارش کی پیش گوئی، پاکستان اور انڈیا کا میچ متاثر ہونے کا کتنا خدشہ ہے؟

گروپ اے میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ 15 فروری کو شیڈول ہے (فائل فوٹو: گیٹی امیجز)
ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان ہونے والا ہائی وولٹیج میچ ایک بار غیر یقینی کا شکار ہو گیا ہے کیونکہ اس روز آندھی اور بارش کی پیش گوئی سامنے آئی ہے۔
ایونٹ کا سب سے بڑا ٹاکر سمجھا جانے والا میچ 15 فروری کو سری لنکا کے شہر کولمبو میں اتوار کو ہو رہا ہے۔
انڈین میڈیا نے سری لنکن محکمہ موسمیات کی رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ اس روز کولمبو میں بارش اور آندھی چلنے کا امکان ہے۔
پیش گوئی کے مطابق کولمبو میں دوپہر اور شام کے وقت تیز آندھی چلے گی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان 55 سے 60 فیصد تک ہے اور دو اعشاریہ ایک ملی میٹر تک بارش ہو سکتی ہے۔
اس صورت حال پر ٹیموں کے حکام کے ساتھ ساتھ شائقین بھی پریشان دکھائی دے رہے ہیں۔
 اگر پیش گوئی کے مطابق اس روز بارش ہو جاتی ہے اور بارش نہیں ہو پاتا تو دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیا جائے گا۔
ایونٹ میں پاکستان پہلے ہی چار پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے اور اس نے گروپ اے اپنے دونوں ہی میچ جیتے ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل سے نکالے جانے پر بنگلہ دیش نے انڈیا میں ٹی 20 ورلڈ کے میچ کھیلنے سے انکار کر دیا تھا جس پر آئی سی سی نے ایکشن لیتے ہوئے بنگلہ دیش کو ایونٹ سے باہر کر دیا اور اس کی جگہ سکاٹ لینڈ کو شامل کیا گیا تھا۔
اس کے بعد بنگلہ دیش سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پاکستان نے انڈیا کے خلاف 15 فروری کو کولمبو میں میچ کھیلنے سے انکار کر دیا۔
تاہم بعدازاں آئی سی سی اور بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے حکام پاکستان پہچے اور مذاکرات کے بعد پی سی بی نے شیڈول کے مطابق میچ پر رضامندی ظاہر کی تھی۔
اس پر پاکستان اور انڈیا کے علاوہ دنیا بھر میں شائقین کی جانب سے مسرت کا اظہار کیا گیا تھا اور سبھی اتوار کے روز کے منتظر تھے۔
تاہم موسم کے حوالے سے سامنے آنے والی پیش رفت پر وہ پریشان دکھائی دے رہے ہیں اور دعا کر رہے ہیں کہ اس روز بارش نہ ہو۔

شیئر: