Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیلڈ مارشل کا عیدالفطر پر دورۂ کُرم، ’آپریشن غضب للحق کی کامیابیوں‘ پر جوانوں کو خراجِ تحسین

پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے فوجی جوانوں اور افسران کے ساتھ عید الفطر منانے کے لیے کُرم کا دورہ کیا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل نے کُرم میں عید کی نماز ادا کی اور پاکستان کی پائیدار استحکام اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔
بیان کے مطابق ’جوانوں اور افسران سے گفتگو کے دوران فیلڈ مارشل نے انہیں عید کی مبارکباد دی اور ملک کی حفاظت کے لیے ان کی غیر متزلزل لگن، بلند حوصلے اور مثالی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔‘
’جوانوں کی بہادری اور جذبے کی تعریف کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے دہشت گرد نیٹ ورکس کو ختم کرنے اور سرحدی علاقوں میں پائیدار امن کو یقینی بنانے کے لیے شروع کیے گئے ’آپریشن غضب للحق‘ کے دوران ان کی کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔‘
انہوں نے زور دے کر کہا کہ ’افغانستان میں سرحد پار ٹھکانوں سے کام کرنے والے دہشت گردوں کو پاکستان کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔‘
علاقائی امن اور استحکام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے دہرایا کہ ’افغان سرزمین کو دشمن عناصر کی جانب سے پاکستان مخالف سرگرمیوں کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔‘
’فارمیشنز کی انتھک کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے آپریشنل کامیابیوں کو قوم کے شہداء کی عظیم قربانیوں اور قومی سلامتی کے عظیم مقصد کے لیے وقف افسران و جوانوں کے غیر متزلزل عزم کا نتیجہ قرار دیا۔‘
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے جوانوں کی ثابت قدمی پر فخر کا اظہار کیا اور پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے مسلح افواج کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔
کُرم آمد پر کور کمانڈر پشاور نے فیلڈ مارشل کا پرجوش استقبال کیا۔

شیئر: