Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ولی عہد سے جدہ میں یوکرینی صدر کی ملاقات، علاقائی بحران پر تبادلۂ خیال

سعودی ولی عہد و وزیراعظم  شہزادہ محمد بن سلمان سے جدہ میں یوکرین کے صدر ولادیمیر ویلنسکی نے ملاقات کی ہے۔
جمعے کی صبح ایس پی اے  سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں سعودی عرب اور یوکرین کے تعلقات کا جائزہ، علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال، خصوصاً مشرق وسطی میں جاری فوجی کشیدگی اور یوکرینی بحران پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
سعودی وزیر مملکت و کابینہ کے رکن اور قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر مساعد بن محمد العبیان، وزیر ماحولیات، پانی و زراعت عبد الرحمن الفضلی، جنرل انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ کے سربراہ خالد بن علی الحمیدان اور یوکرین میں سعودی سفیر محمد البرکہ شریک تھے۔
عرب نیوز کے مطابق صدر زیلنسکی نے اچانک سعودی عرب کا دورہ کیا جب مشرق وسطی کی جنگ کے باعث خلیجی ریاستوں نے یوکرینی فضائی دفاعی ٹیکنالوجی میں دلچسپی لی ہے۔
کیف، خلیجی ملکوں کی مدد کے لیے روسی ڈرون گرانے میں اپنی مہارت کا فائدہ اٹھانے کی کوشش میں ہے۔
زیلنسکی کا کہنا ہے ’28 فروری کو جنگ شروع  ہونے کے بعد سے 200 سے زیادہ یوکرینی اینٹی ڈرون ایکسپرٹ مشرق وسطی کے کئی ممالک میں تعینات کیے گئے ہیں۔‘
کیف، نے اپنی سستی اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی کو زیادہ مہنگے فضائی دفاعی نظام سے تبدیل کرنے کی تجویز دی ہے، جو خلیجی ممالک اس وقت ایرانی ڈرون مار گرانے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔
یاد رہے گزشتہ برس سعودی عرب نے یوکرینی اور روسی وفود کے ساتھ امریکی حکام کے مذاکرات کی میزبانی کی تھی، تاکہ فروری 2022 کو یوکرین پر روسی حملے سے شروع ہونے والی چار سالہ جنگ کا خاتمہ کیا جا سکے۔

شیئر: