’مقامی لوک داستانوں کا حصہ‘: سیاحتی و ثقافتی نقشے میں اہم مقام جبلِ ابو صادع
مکہ ریجن کی اللیث کمشنری کے شمالی علاقے میں ابو صادع پہاڑ، منفرد ارضیاتی خصوصیات، قدرتی یادگار، قافلوں اور حجاج کے تاریخی راستوں سے جڑے ورثے کو یکجا کرتا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق ابو صادع پہاڑ مکہ کے جنوبی ساحلی علاقے کے جغرافیہ اور انسانی ورثے کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ پہاڑ اپنی منفرد بناوٹ کے باعث نمایاں حیثیت کا حامل ہے جو صدیوں کے دوران قدرتی کٹاؤ کے عمل سے وجود میں آئی ہیں۔
پہاڑ کی چٹانوں کو تیز ہواؤں اور سیلاب کے پانی نے تراش کر قدرتی فن پاروں شکل میں ڈھال دیا ہے۔ یہ پہاڑ وادیِ سعیا اور وادیِ مرکوب کے جنوب مشرق میں الرزان کمشنری کے درمیان واقع ہے۔
یہاں قدرتی طور پر تشکیل پا جانے والے حوض میں بارش کا پانی جمع ہوتا ہے جو ماضی میں خانہ بدوشوں اور مقامی آبادی کے لیے پانی کا اہم ذریعہ تھا۔
اس مقام پر حصاۃ ابو صادع نامی چٹانی ساخت خاص طور پر مشہور ہے جو مقامی لوک داستانوں اور روایات کا حصہ رہی ہے۔ علاقے کے لوگ اس سے متعلق کئی کہانیاں اور قصے بیان کرتے ہیں جس سے اس مقام کی ثقافتی اہمیت ظاہر ہوتی ہے۔
تاریخی طور پر یہ پہاڑ یمن کے حجاج کے لیے اہم پڑاؤ ہوا کرتا تھا، جو جنوبی جزیرہ نما عرب کو حرمین شریفین سے ملانے والے نمایاں زمینی راستوں میں شمار کیا جاتا تھا۔
حضرموت اور عمان سے آنے والے قافلے، نیز افریقہ، انڈیا اور انڈونیشیا سے آنے والے حجاج کے علاوہ مغربی بندرگاہوں اللیث اور القنفذہ شامل پر آنے والے حجاج اسی راستے سے حرمین کا سفر کرتے تھے۔

ماضی میں پہاڑ کی بلند جگہ، قافلوں کے آرام اور نگرانی کا بہترین مقام تھا جبکہ اس کے قریب موجود کنویں جن میں ’الخضرا‘ کا کنواں شامل ہے پانی کا ایک اہم ذریعہ تھا۔
آج ابو صادع ایک اہم قدرتی سیاحتی مقام کے طور پر سامنے آرہا ہے، جہاں مہم جوئی، سیاحت اور ارضیاتی تحقیق کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
یہ مقام صحرا نوردوں اور فوٹوگرافی کے شوقین افراد کو اپنی نایاب چٹانی ساختوں اور دلکش مناظر کی بدولت اپنی جانب متوجہ کرتا ہے جبکہ قدیم حج راستوں سے جڑی ثقافتی سیاحت کے فروغ کے امکانات کو بھی تقویت دیتا ہے۔

ابو صادع پہاڑ ایک کھلی تاریخی دستاویز کی حیثیت رکھتا ہے جو جغرافیہ اور تاریخ کا حسین امتزاج ہے۔ اس پہاڑ کی چٹانیں ان قافلوں اور حجاج کی داستانیں سناتی ہیں جو صدیوں تک جزیرہ نما عرب کے راستوں پر سفر کرتے تھے۔
یہ قدرتی ورثہ اللیث کمشنری کے جغرافیائی اور ثقافتی تنوع کی بھر پور عکاسی کرتا ہے۔ ماحولیاتی و تاریخی اہمیت کے امتزاج کی نمایاں مثال کے طور پر علاقے کے سیاحتی و ثقافتی نقشے میں اہم مقام رکھتا ہے۔