ریاض یونیورسٹی آف آرٹس کے لیے درخواستیں مئی اور کلاسز کا آغاز ستمبر سے
سعودی وزیرِ ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان نے اعلان کیا ہے کہ ریاض یونیورسٹی آف آرٹس کے لیے درخواستیں اور رجسٹریشن کا سلسلہ مئی سے شروع کیا جا رہا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یہ فیصلہ بھی ہو چکا ہے کہ اس یونیورسٹی میں کلاسز کا اجراء اسی سال ستمبر سے کیا جائے گا۔
شہزادہ بدر نے، جو یونیورسٹی کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے چیئرمین بھی ہیں، کہا کہ ریاض کی آرٹس یونیورسٹی کا مقصد مملکت میں ثقافتی تعلیم کے لیے ایک قائدانہ مرکز کا کردار ادا کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس جامعہ میں وسیع سطح پر کئی تعلیمی شعبوں میں سپشلائزیشن کرائی جائے گی جس سے طلبہ تخلیقی صنعتوں کو بہتر بنانے میں بااختیار ہوں گے اور ’سعودی وژن 2030‘ کے اہداف کے مطابق، سعودی عرب کے ثقافتی شعبے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
شہزادہ بدر کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی کا افتتاح، مملکت کے ثقافتی شعبے کی ترقی کے لیے ایک ایسا اقدام ہے جس کی پہلے کوئی مثال نہیں۔ یہ جامعہ تخلیق تعلیم اور ثقافتی جدت پسندی میں بنیادی کردار کی حامل ہوگی۔
یونیورسٹی آف آرٹس ریاض میں قائم کی گئی ہے جہاں ستمبر سے باقاعدہ کلاسسز شروع ہو جائیں گی۔ اتبدائی طور پر کلاسسز کے لیے چار کالجوں کا انتخاب کیا گیا ہے جن میں میوزک، فلم، تھیئیٹر اور پرفارمنگ آرٹس اور کلچرل مینجمنٹ شامل ہیں۔
اس جامعہ میں آٹھ تعلیمی پروگرام پیش کیے جائیں گے جن میں بتدریج اضافہ کر کے ان کی تعداد تک کر دی جائے گی۔