سعودی اولمپک اکیڈمی نے تیسرا اولمپک سٹڈیز ڈپلومہ لانچ کر دیا
اکیڈیمک سپرویژن کے لیے ماہرین کی خدمات لی جائیں گی (فوٹو: اے ایس پی)
سعودی اولمپک اکیڈمی نے ریاض میں واقع شہزادہ فیصل بن فہد اولمپک کمپلیکس میں اولمپک سٹڈیز ڈپلومہ کے تیسرے ایڈیشن کو لانچ کر دیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق یہ پروگرام 29 مارچ سے 24 نومبر تک جاری رہے گا اور اس میں کھیلوں اور اولمپک سٹڈیز میں ماہر بین الاقوامی اور مقامی لیکچررز کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔
نو مہینے پر مشتمل اس پروگرام میں آٹھ ہفتے سخت پڑھائی اور ایک ہفتہ پروجیکٹ پریزنٹیشنز کے لیے مختص ہوگا۔
اسے اس طرح سے ڈیزائن کیا گیا ہے کہ تھیوری اور پریکٹیکل کو ایک ساتھ چلایا جائے گا۔
اکیڈیمک سپرویژن کے لیے مقامی ماہرین کی خدمات لی جائیں گی جن میں سے 12 ماہرین کا تعلق شہزادی نورہ بنت عبدالرحمٰن یونیورسٹی کے کالج آف سپورٹ سائنسز اینڈ فزیکل ایکٹیویٹی سے ہے۔
اس ڈپلومہ میں مختلف سپورٹس آرگنائزیشنز سے منسلک 16 بین الاقوامی لیکچررز اور مقامی لیکچررز خدمات فراہم کریں گے جس سے مقامی اور عالمی سطح پر تجربات اور علم کے تبادلے کو تقویت ملے گی۔
