کویت کی مینا الاحمدی آئل ریفائنری پر ڈرون حملہ، آگ بھڑک اٹھی
28 فروری کے بعد ایران نے متعدد بار کویت کو ڈرون اور میزائل حملوں میں نشانہ بنایا ہے: فوٹو اے ایف پی
کویت کے حکام نے کہا ہے کہ مینا الاحمدی آئل ریفائنری کو ڈرون سے بنایا گیا ہے جس سے اس کے آپریٹنگ یونٹس میں آگ لگ گئی ہے۔
کویت کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق اس واقعے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
اس سے پہلے کویت کی فوج کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ فضائی دفاعی نظام اس وقت دشمن کے میزائل اور ڈرون حملے سے نمٹ رہا ہے۔
کویت پیٹرولیم کارپوریشن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ تیل صاف کرنے والے کارخانے کے اردگرد کے علاقے کی ہوا کے معیار کا جائزہ لیا گیا تاہم کسی قسم کا کوئی منفی ماحولیاتی اثر سامنے نہیں آیا ہے۔
بیان کے مطابق ’ٹیمیں اس وقت آگ بجھانے اور اس کے پھیلاؤ کو روکنے کا کام کر رہی ہیں اور اس واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا ہے۔‘
دوسری جانب کویت کی وزارت برائے بجلی اور پانی نے ایک بیان میں کہا کہ جمعے کو سمندری پانی کو میٹھا بنانے کے (ڈی سیلینیشن) اور پاور پلانٹ کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
بیان کے مطابق اس وقت ایمرجنسی اور ٹیکنیکل ٹیمیں سائٹ کو محفوظ بنانے اور بحالی کا کام کر رہی ہیں۔